1
Wednesday 26 Dec 2018 14:35

عمران خان کٹھ پتلی وزیراعظم، فیصلے کہیں اور ہو رہے ہیں، شیر علی گورچانی

عمران خان کٹھ پتلی وزیراعظم، فیصلے کہیں اور ہو رہے ہیں، شیر علی گورچانی
اسلام ٹائمز۔ مفروضوں پر مبنی عدالت کے مبہم فیصلہ نے میاں نواز شریف کی بے گناہی ثابت کر دی ہے، انتقامی کارروائیاں کرکے لیڈرز کو دیوار سے نہیں لگایا جاسکتا،  موجودہ وزیراعظم کی حیثیت کٹھ پتلی سے زیادہ نہیں ہے، وزیراعظم کو پانچ منٹ قبل ایک کاغذ پکڑا دیا جاتا ہے اور انہیں ہدایت کی جاتی ہے کہ ان الفاظ کو رٹا لگا کر سٹیج پر تقریر کرنی ہے، جس وزیراعظم کو ڈالر کی قیمت بڑھانے سے پہلے اعتماد میں لینا تک گوارا نہیں کیا جاتا، وہ کس طرح دعویٰ کرسکتا ہے کہ وہ بااختیار وزیراعظم ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے سماجی رہنما ملک عامر مجید پرہار کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت عوام پر ایک ناگہانی آزمائش سے کم نہیں ہے، وزیراعظم کہیں اور سے لکھی تقریر سٹیج پر پڑھ لیتے ہیں اور پھر پورا ہفتہ اس تقریر پر وزراء وضاحتیں پیش کرتے ہیں اور خود وزیراعظم یوٹرن لیتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن الزامات میں قوم کے منتخب وزیراعظم کو معزول کیا گیا تھا، آج اس الزام میں انہیں باعزت بری کرکے اور من گھڑت الزام میں سزا سنا دی گئی ہے، جسے پوری دنیا تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب حکومتوں کے خلاف دھرنے دینے والے عمران خان بہت جلد ان قوتوں کے خلاف بطور وزیراعظم دھرنا دینے کی تیاریاں کر رہے ہیں، جن قوتوں نے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر انہیں شیروانی پہنا کر دنیا میں نمائشی وزیراعظم متعارف کرایا۔ سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ ہماری حکومت میں سی پیک سڑکوں موٹر ویز اور میگا پروجیکٹ تھے، اب ایک کٹھ پتلی وزیراعظم مرغیوں، انڈوں اور کٹوں کے منصوبے متعارف کرا کر خود کو ارسطو ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 768733
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش