0
Friday 28 Dec 2018 18:27

وزیراعلٰی خیبرپختونخوا قبائلی اضلاع کے پہلے دورے پر طورخم پہنچ گئے

وزیراعلٰی خیبرپختونخوا قبائلی اضلاع کے پہلے دورے پر طورخم پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبرپختونخوا صوبے میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے پہلے دورے پر طورخم پہنچ گئے۔ اس موقع پر سکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ نے انہیں بارڈر منیجمنٹ اور سکیورٹی سمیت مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بعدازاں میڈیا کے ساتھ گفتگو کے دوران وزیراعلٰی محمود خان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں تک عدالتی اور پولیس نظام کی توسیع کے حوالے سے وفاق کے ساتھ رابطے میں ہیں، اور وہاں سے فنڈز کی دستیابی کے ساتھ ہی انضمام کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد آئی جی آر کا قانون کالعدم قرار دیا جاچکا ہے اور اس وقت کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، جہاں سے فیصلہ آنے کے بعد اداروں کو اختیارات منتقل کئے جائیں گے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ قبائلی علاقے صوبے میں ضم ہو چکے ہیں اور اب وہاں صوبے کے قوانین نافذ ہیں جبکہ جلد ہی وہاں صوبائی اور بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ جس کے ساتھ قبائلی عوام بااختیار ہوجائیں گے اور اپنے بنیادی حقوق حاصل کرلیں گے۔ انہوں نے طورخم سرحد پر افغان حکام کے ساتھ بھی ملاقات کی جبکہ افغان پناہ گزینوں کے مسائل بھی سنے۔

قبل ازیں محمود خان لنڈی کوتل کے پیروخیل علاقے میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور علامہ نورالحق قادری کے گھر تشریف لے گئے اور ان کے والد حضرت شیخ گل صاحب کی وفات پر تعزیت کی۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں صوبائی وزراء کی جانب سے قبائلی اضلاع کے دور کا سلسلہ جاری ہے، جہاں اب تک وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی، وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان اور مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش علی الترتیب قبائلی ضلع خیبر، قبائلی ضلع شمالی وزیرستان اور قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کا دورہ کرچکے ہیں۔ یہ بھی واضح رہے کہ وزیراعلٰی خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع کے دورے کا بڑی شدت سے اننتظار کیا جا رہا تھا اور یہ توقع ظاہر کی جا رہی تھی کہ وزیراعلٰی قبائلی اضلاع کیلئے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 769059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش