QR CodeQR Code

علی رضا عابدی قتل کیس میں کراچی ایئرپورٹ سے اہم گرفتاری کا انکشاف

28 Dec 2018 23:17

علی رضا عابدی کی رہائشگاہ پر انکے والد سید اخلاق عابدی سے ملاقات کرکے وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے تعزیت کی، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے علی رضا عابدی کے والد کو اب تک کی تحقیقات کے حوالے سے آگاہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ علی رضا عابدی قتل کیس میں ایئرپورٹ سے اہم گرفتاری ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے وفد نے مرحوم علی رضا عابدی کی رہائش گاہ پر ان کے  والد سید اخلاق عابدی سے ملاقات کرکے تعزیت کی، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے علی رضا عابدی کے والد کو اب تک کی تحقیقات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بہت افسوسناک واقعہ تھا، علی رضا عابدی بہت ملنسار انسان تھے، ہم انہیں تو واپس نہیں لا سکتے، لیکن ظالم کو سزا ملنی چاہیئے، ایئرپورٹ سے اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں، آپ اطمینان رکھیں، علی رضا عابدی کے قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا اور اس شہر میں کسی کو بھی امن خراب کرنے نہیں دوں گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے خفیہ اداروں کی جانب سے کوئی تھریٹ نہیں ملی تھی، جب ایم کیو ایم پاکستان کے تحت منعقدہ میلاد کی محفل میں دھماکہ ہوا اور اس کے بعد پی ایس پی کے کارکنان پر حملہ ہوا تو میں نے اجلاس بلا لیا، اجلاس میں بھی علی رضا عابدی کے تھریٹ کے حوالے سے خبر موصول نہیں ہوئی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی جیسے ذہین نوجوان کا قتل سازش اور المناک ترین حادثہ ہے، ان کے قاتلوں کو انجام تک پہنچا کر دم لیں گے اور شہر میں خونی کھیل کھیلنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 769087

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/769087/علی-رضا-عابدی-قتل-کیس-میں-کراچی-ایئرپورٹ-سے-اہم-گرفتاری-کا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org