0
Saturday 29 Dec 2018 17:51

کراچی میں گیس بحران کے باعث صنعتکاروں کا فیکٹریاں بند اور احتجاج کرنیکا اعلان

کراچی میں گیس بحران کے باعث صنعتکاروں کا فیکٹریاں بند اور احتجاج کرنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے صنعتکاروں نے گیس بحران کے سبب فیکٹریاں بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کیلئے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے اہم اجلاس طلب کرلیا، جس میں صنعتکاروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے، جہاں کراچی کے صنعتکاروں کو گیس صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔ کراچی میں بدترین گیس بحران کے باعث صنعتکاروں نے پیر سے صنعتیں بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے اور معاملات حل نہ ہونے پر یکم جنوری سے گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے کی دھمکی بھی دے رکھی ہے۔ کراچی کے سائٹ انڈسٹریل ایریا اور دیگر صنعتی زونز میں گذشتہ دو ہفتوں سے گیس کی آنکھ مچولی کے سبب متعدد صنعتیں پہلے ہی بند ہو چکی ہیں، جس سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہونے لگے۔ صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ فیکٹریاں بند ہونے سے ناصرف مزدور بیروزگار ہو رہے ہیں، بلکہ ایکسپورٹ آرڈر کی بروقت تکمیل بھی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔

ایک ہفتہ قبل بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں گیس کا بدترین بحران دیکھنے میں آیا تھا، جہاں 7 دن کیلئے سی این جی اسٹیشنز بند رہے تھے۔ سوئی سدرن کمپنی نے آج بھی سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس سپلائی نہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ سندھ میں گیس کے بدترین بحران کے بعد وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے سوئی سدرن و ناردرن کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تحلیل کر دیا تھا۔ کراچی کا گیس بحران تاحال مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکا، ایک جانب صنعتی صارفین کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے، تو دوسری جانب گھریلو صارفین بھی پریشانی کا شکار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 769191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش