0
Sunday 30 Dec 2018 09:50

کراچی میں نئے سال پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام

کراچی میں نئے سال پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام
شہر قائد میں ایسٹ زون پولیس نے نئے سال کے موقع پر بڑی تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا، پی آئی بی میں بارود سے بھری موٹر سائیکل اور تین دستی بم برآمد کر لئے گئے، پولیس نے سات مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی کرنال بستی میں پولیس نے دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا تو دہشگردوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ دہشتگردوں نے پولیس موبائل پر دستی بم بھی پھینکے گئے، چو پھٹ نہ سکے۔ ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے موٹر سائیکل برآمد کرلی، جس میں 10 کلو بارودی مواد نصب کیا گیا تھا، دہشتگرد اس موٹر سائیکل کو نئے سال کے موقع پر تخریب کاری کیلئے استعمال کرتے۔ موٹر سائیکل کی ٹنکی میں رکھا 10 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ علاقے میں کالعدم تنظیمیں سرگرم رہی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں کے ٹھکانے سے سے تین دستی بم اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ سات مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق شہر قائد کے علاقے پرانی سبزی منڈی سکھیا گراؤنڈ میں پولیس نے کارروائی کے دوران سال نو پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی میں سکھیا گراؤنڈ میں قائم منشیات کے اڈے پر پولیس کے چھاپے کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، پولیس ٹیم کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان نے دستی بم سے حملہ کیا اور فرار ہوگئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے سکھیا گراؤنڈ کے اطراف کے علاقے کو گھرے میں لے کر آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس کو سرچ آپریشن کے دوران جائے وقوع سے 2 دستی بم اور ایک بارود سے بھری موٹر سائیکل ملی، موٹر سائیکل میں ریموٹ کنٹرول ڈیوائس نصب تھی، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے ناکارہ بنا دیا، جبکہ جائے وقوعے سے 7 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے۔ ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل میں 8 سے 10 کلو بارود موجود تھا، پولیس کے مطابق برآمد کئے جانے والے دونوں بم روسی ساختہ ہیں جبکہ دہشت گردوں نے سال نو کے موقع پر دہشت گردی کا منصوبہ بنایا تھا۔

دوسری جانب بارود سے بھری موٹر سائیکل کے مالک کا پتہ چل گیا، موٹر سائیکل گذشتہ شام ہی پی آئی بی کے علاقے سے چوری ہوئی تھی۔ موٹر سائیکل مالک نے رات 8 بجے پی آئی بی تھانے میں موٹر سائیکل چوری ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ تفتیشی حکام کے مطابق موٹر سائیکل تیار کرنے والے گروہ کا تعلق مفتی شاکر گروپ سے لگتا ہے، مفتی شاکر گروپ چوہدری اسلم اور انسپیکٹر شفیق تنولی پر خودکش حملوں میں ملوث تھا، موقع سے ملنے والے شواہد سے اس گروپ کے تانے بانے جیل میں مل رہے ہیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ موقع سے 3 دستی بم بھی ملے تھے، جب کہ موٹر سائیکل کے ساتھ ڈیٹونیٹر اور ایک دستی بم بھی لگایا گیا تھا، موٹر سائیکل کے ساتھ بوتل میں آدھا لیٹر پیٹرول ڈال کر ٹنکی کے نیچے لٹکا دی تھی جبکہ موٹر سائیکل کی ٹنکی میں 7 کلو بارود نٹ بولٹ کے ساتھ بھرا ہوا تھا۔
خبر کا کوڈ : 769299
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش