QR CodeQR Code

آزادکشمیر، پونچھ میں ضمنی الیکشن، پولنگ جاری

30 Dec 2018 11:37

پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے 5بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گا، اس ضمنی چناﺅ میں کل چھ امیدواران میدان میں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر دستور ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 19 پونچھ تین ضمنی انتخابات میدان آج ہو رہے ہیں، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے 5بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گا، پولنگ کے عمل کی نگرانی کے لئے چھبیس ڈیوٹی مجسٹریٹ مقرر کئے گئے ہیں جبکہ کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رابطہ کاری کے فرائض انجام دے گا۔ سیکورٹی کے لئے 6 سو رینجرز اہلکار اور دو ہزار سے زائد پولیس اہلکاران و افسران پولنگ اسٹیشنز پر موجود رہیں گے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی ریزرو فورس کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔

اس ضمنی چناﺅ میں کل چھ امیدواران میدان میں ہیں، جن میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار خالد ابراہیم کے فرزند حسن ابراہیم، نیشنل عوامی پارٹی کے امیدوار لیاقت حیات، پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے امیدوار سابق صدر سردار یعقوب خان، مسلم لیگ نواز کے امیدوار سردار طاہر انور اور اصغر راہ حق پارٹی کے امیدوار مفتی نوید جبکہ اجمل افسر آزاد امیدوار ہیں۔ پونچھ کے اس حلقہ 3 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 92427 ہے، جن میں 49455مرد ووٹرز جبکہ 42972 خواتین ووٹر شامل ہیں، کل 169پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، 44 پولنگ اسٹیشن مردانہ،43 زنانہ جبکہ بیاسی پولنگ اسٹیشن ایسے ہیں جو مشترکہ ہوں گے۔

گذشتہ عام انتخابات میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سردار خالد ابراہیم 25299ووٹ لیکر ممبر اسمبلی منتخب ہوئے تھے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی امیدوار فرزانہ یعقوب 16116 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہی تھیں، اس نشست پر اب ضمنی چناﺅ میں ان کے والد سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب خان حصہ لے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ نشست 4نومبر کو جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم کی اسلام آباد کے ہسپتال میں برین ہمرج کے جان لیوا حملے کے باعث خالی ہوئی تھی۔


خبر کا کوڈ: 769315

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/769315/آزادکشمیر-پونچھ-میں-ضمنی-الیکشن-پولنگ-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org