0
Sunday 30 Dec 2018 16:58

حکومت شمالی وزیرستان میں تعلیم کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ضیاءاللہ بنگش

حکومت شمالی وزیرستان میں تعلیم کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ضیاءاللہ بنگش
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے مشیر تعلیم ضیاءاللہ بنگش نے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے شمالی وزیرستان کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کا جائزہ لیا ہے۔ مشیر تعلیم نے پوسٹ گریجویٹ کالج، آرمی پبلک سکول اور دیگر تعلیمی اداروں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں پر انکے ساتھ ڈپٹی کمشنر عبدالناصر خان بھی ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر عبدالناصر خان نے امن و امان کی صورتحال اور تعلیم کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر مشیر تعلیم کو تفصیلی بریفنگ دیدی۔ انہوں نے مشر تعلیم کو ضلع میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کیلئے اب تک اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اسی اثناء انہوں نے میرانشاہ رزمک اور دوسلی کی تعلیمی اداروں کا دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے عمائدین، تعلیمی اداروں کے افسران اور جی او سی 7 ڈویژن میجر جنرل ممتاز حسین کے ساتھ تعلیم کے حوالے سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ جی او سی ممتاز حسین نے بتایا کہ علاقے میں تمام تعلیمی ادارے بحال کئے گئے ہیں۔

اسوقت سینکڑوں مستحق طلباء آرمی سکولوں میں مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ مشیر تعلیم ضیاءاللہ بنگش نے کہا کہ حکومت شمالی وزیرستان میں تعلیم کی مکمل بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور یہاں پر مزید ادارے کھولیں گے، کیونکہ تعلیم عام کرنے سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ اس دورے کے موقع پر قبائلی عمائدین کا ایک جرگہ بھی منعقد کیا گیا۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے مشیر تعلیم نے کہا کہ جنگ سے متاثرہ قبائلی ضلعوں میں تعلیم کے فروغ کیلئے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور شمالی وزیرستان میں سیکنڈری سکولوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے غیر حاضر عملے کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور انکی حاضری کو ہر حالت میں یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں تعلیم کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 769360
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش