QR CodeQR Code

زرداری اجازت دیں ایک ہفتے میں وفاقی حکومت گرا کر حکمرانوں کو جیل بھیج دینگے، بلاول بھٹو

31 Dec 2018 19:32

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پی پی پی کی سندھ اسمبلی میں 99 نشستیں ہیں اور پی ٹی آئی کو صوبائی حکومت گرانے کیلئے 45 ارکان کو توڑنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آصف زرداری اجازت دیں اور صرف ایک اشارہ کر دیں، تو ہم ایک ہفتے میں تحریک انصاف کی وفاقی حکومت گرا دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ترقی کے مخالفین چاہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تبدیل کر دیا جائے، لیکن عوام ایسا نہیں ہونے دیں گے، آصف زرداری پر بھی پہلے بھی بہت سے مقدمے بنے اور انہوں نے گیارہ سال جیل میں گزارے، لیکن سب کیسز میں بری ہوئے، یہ بھی جھوٹا کیس ہے، اس سے بھی بری ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور جے آئی ٹی کا گٹھ جوڑ اب بے نقاب ہوتا جا رہا ہے، جے آئی ٹی رپورٹ جعلی اور جھوٹی ہے، اس رپورٹ پر عدالتوں میں قانون کے مطابق لڑیں گے اور ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، پی ٹی آئی کا وزیر رات دو بجے تک ایف آئی اے کے دفتر میں بیٹھا رہا، جے آئی ٹی صرف بہانہ تھا اور اصل نشانہ حکومت سندھ تھی، میرے خلاف کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔

سندھ میں گورنر راج لگنے سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر آصف علی زرداری اجازت دیں اور صرف ایک اشارہ کر دیں، تو ہم ایک ہفتے کے اندر وفاقی حکومت گرا کر دکھا سکتے ہیں، بلکہ ان حکمرانوں کو جیل بھی بھیج سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق میں ان کی صرف 6 نشستوں کی برتری ہے اور پنجاب میں اس سے بھی کم اکثریت ہے، ہم پنجاب حکومت گرانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، پی پی پی کی سندھ اسمبلی میں 99 نشستیں ہیں اور پی ٹی آئی کو صوبائی حکومت گرانے کیلئے 45 ارکان کو توڑنا ہوگا، جبکہ اہم قانون سازی کیلئے 50 فیصد سے زیادہ ووٹ درکار ہوتے ہیں، اس لیے پی ٹی آئی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 769536

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/769536/زرداری-اجازت-دیں-ایک-ہفتے-میں-وفاقی-حکومت-گرا-کر-حکمرانوں-کو-جیل-بھیج-دینگے-بلاول-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org