0
Monday 31 Dec 2018 21:41

فواد چوہدری اور فیاض الحسن چوہان عدلیہ اور نیب کے ترجمان بنے ہوئے ہیں، مخدوم احمد محمود

فواد چوہدری اور فیاض الحسن چوہان عدلیہ اور نیب کے ترجمان بنے ہوئے ہیں، مخدوم احمد محمود
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود، سینیئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، ممبر فیڈرل کونسل عبد القادر شاہین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت کو گرانے کے خواب دیکھنے والوں کو سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملے گا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو پیپلزپارٹی سے وفاداری کی سزا دینے کی ناکام کوشش ہو رہی ہے، فواد چوہدری اور فیاض الحسن چوہان عدلیہ اور نیب کے ترجمان بنے ہوئے ہیں، جو پیپلزپارٹی کی قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کرکے سستی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے، موجودہ حکمران 2019ء میں غریب عوام پر مہنگائی کا خودکش بم گرانے کی تیاری کرچکے ہیں، لیکن پیپلزپارٹی عوام کے حقوق کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم سونامی اور وزیراعلیٰ کے پی کے، سینیئر صوبائی وزیر علیم خان نیب زدہ ہیں، جن کو فوری طور پر اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہو کر عدالتوں کا سامنا کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی انتقامی کارروائیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، جو ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں، جو درحقیقت غیرملکی ایجنڈے کی تکمیل لگ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ حکمران اور ان کے وزراء ملک کے لئے سکیورٹی رسک بن چکے ہیں، جو ہر ادارے کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، احتساب کے نام پر اپوزیشن کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان پر جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کو ڈرانے اور دھمکانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، پارٹی قیادت کے خلاف جے آئی ٹی کی رپورٹ بنانے والے شہزاد اکبر کا انجام بھی سیف الرحمن سے زیادہ بہتر نہ ہوگا، پیپلزپارٹی شفاف احتساب پر یقین رکھتی ہے، جس نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے اور آج بھی عدالتوں کا احترام کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 769564
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش