QR CodeQR Code

نئے سال کا عزم، غربت، جہالت، ناانصافی اور کرپشن کے خلاف جہاد ہے، عمران خان

1 Jan 2019 11:13

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے لکھا ہے کہ انشاء اللہ سال 2019ء پاکستان میں سنہرے دور کا آغاز ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے نئے سال کے موقع پر غربت، جہالت، ناانصافی اور کرپشن جیسی چار برائیوں کے خلاف جہاد کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے لکھا ہے کہ ہمارے نئے سال کا عزم ملک کی چار برائیوں غربت، جہالت، ناانصافی اور کرپشن کے خلاف جہاد ہے۔ ساتھ ہی وزیراعظم نے امید کا اظہار کیا ہے کہ انشاء اللہ سال 2019ء پاکستان میں سنہرے دور کا آغاز ہوگا۔ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے سے قبل اور بعد میں بھی متعدد مرتبہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے کئی بیانات دیئے ہیں، حال ہی میں انہوں نے منی لانڈرنگ کے خلاف ملکی تاریخ کے سب سے بڑے آپریشن کا بھی اعلان کیا۔ 28 دسمبر کو وزیراعظم آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق پاکستان سے سالانہ 10 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہو رہی ہے، ہم منی لانڈرنگ کے خلاف ملکی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن کرنے جارہے ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 769588

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/769588/نئے-سال-کا-عزم-غربت-جہالت-ناانصافی-اور-کرپشن-کے-خلاف-جہاد-ہے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org