0
Tuesday 1 Jan 2019 12:40

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت گرانے کیلئے تحریک انصاف کے قوم پرستوں سے رابطے تیز

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت گرانے کیلئے تحریک انصاف کے قوم پرستوں سے رابطے تیز
پاکستان تحریک انصاف نے سندھ میں حکومت کی تبدیلی کیلئے قوم پرستوں سے رابطے تیز کر دیئے ہیں، سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے قوم پرست رہنماؤں سے ہنگامی ملاقاتیں کرکے پارٹی قیادت کا پیغام پہنچایا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کے استعفے اور حکومت سندھ کی تبدیلی کیلئے قوم پرست رہنماؤں سے رابطے تیز کر دیئے گئے ہیں اور اس حوالے سے ٹاسک تحریک انصاف سندھ کے سیکریٹری جنرل و سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کو سونپا گیا ہے، جنہوں نے پارٹی قیادت کی ہدایت پر ہنگامی دورے کرکے قوم پرست رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی شروع کر دی ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے جام شورو میں سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ اور بعد ازاں قاسم آباد پہنچ کر قومی عوامی تحریک کے سربراہ و گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے مرکزی رہنما ایاز لطیف پلیجو سے بند کمرے میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے مرکزی رہنما ایاز لطیف پلیجو نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی سندھ میں تحریک انصاف اور جی ڈی اے کی مشترکہ حکومت بنائی جائے گی، جبکہ جلال محمود شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ مراد علی شاہ فوری طور پر وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے سے استعفیٰ دے کر مقدمات کا سامنا کریں۔

بظاہر کہا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی کو پیپلز پارٹی کے فارورڈ بلاک میں کوئی دلچسپی نہیں، لیکن اندرون خانہ پیپلز پارٹی کے مختلف ارکان سے رابطے کئے جا رہے ہیں۔ دوسری طرف پیپلز پارٹی کی قیادت بھی ہوشیار ہو چکی ہے، خود آصف زرداری سندھ کے اضلاع میں دورے اور جلسے شروع ہو چکے ہیں۔ سیاسی ملاقاتوں رابطوں میں اچانک تیزی آئی ہے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ بھی اراکین اسمبلی سے رابطوں میں ہیں، کسی اَپ سیٹ کی صورت میں سید ناصر حسین شاہ کا نام سیاسی حلقوں میں سامنے آنے کے بعد آصف زرداری اور مہر خاندان میں رابطوں کو اہمیت دی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 769611
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش