QR CodeQR Code

فلسطینی عوام عنقریب فیصلہ کن کامیابی سے ہمکنار ہونگے

فلسطین کی حمایت ایران کا الہیٰ، مذہبی اور عقلانی فریضہ ہے، ہم اس سے ہرگز دستبردار نہیں ہونگے، سید علی خامنہ ای

سامراجی طاقتوں کا کوئی بھی حربہ ہمیں فلسطین کی حمایت چھوڑنے پر مجبور نہیں کرسکتا

31 Dec 2018 19:18

پیر کے روز تہران میں فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے سربراہ زیادہ نخالہ سے ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ صہیونی حکومت مزاحمتی تنظیموں کیخلاف پہلی دو جنگوں میں بائیس روز اور پھر آٹھ روز کے بعد جنگ بندی کی اپیل کرنے لگی تھی جبکہ حالیہ جنگ میں تو محض اڑتالیس گھنٹے کے بعد ہی اس نے جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا اور یہ غاصب صیہونی حکومت کے گھٹنے ٹیکنے کے مترادف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ فلسطین پوری قوت کے ساتھ ڈٹا ہوا ہے، فلسطینی عوام عنقریب فیصلہ کن کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ تہران میں فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے سربراہ زیادہ نخالہ سے ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین میں توازن کا معاملہ پوری طرح روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ مزاحمت دکھائیں گے تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی، بصورت دیگر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ خدا کے فضل و کرم سے فلسطین کے عوام تاحال صیہونی حکومت کا مقابلہ کر رہے ہیں اور تحریک مزاحمت کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام اور تحریک مزاحمت کی اصل کامیابی یہ ہے کہ وہ غاصب صیہونی حکومت جسے عرب فوجیں مل کر شکست نہیں دے سکیں، اسے انہوں نے سخت ہزیمت سے دوچار کیا ہے اور خدا کے حکم سے اس سے بڑی کامیابی فلسطینیوں کو نصب ہوگی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ صہیونی حکومت مزاحمتی تنظیموں کے خلاف پہلی دو جنگوں میں، بائیس روز اور پھر آٹھ روز کے بعد جنگ بندی کی اپیل کرنے لگی تھی جبکہ حالیہ جنگ میں تو محض اڑتالیس گھنٹے کے بعد ہی اس نے جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا اور یہ غاصب صیہونی حکومت کے گھٹنے ٹیکنے کے مترادف ہے۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے حالیہ برسوں کے دوران فلسطینی عوام کی پے در پے فتح کو ان کی استقامت اور مزاحمت کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ جب تک فلسطینی عوام کی تحریک مزاحمت جاری ہے، صیہونی حکومت کے زوال کا سلسلہ بھی اسی طرح جاری رہے گا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کے خلاف سامراجی طاقتوں کے بے پناہ دباؤ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دباؤ بھی ہمیں فلسطین کی حمایت چھوڑنے پر مجبور نہیں کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کا الہیٰ، مذہبی اور عقلانی فریضہ ہے اور ہم اس سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 769626

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/769626/فلسطین-کی-حمایت-ایران-کا-الہی-مذہبی-اور-عقلانی-فریضہ-ہے-ہم-اس-سے-ہرگز-دستبردار-نہیں-ہونگے-سید-علی-خامنہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org