0
Wednesday 2 Jan 2019 18:47

کراچی میں شہدائے سانحہ عاشورہ، شہید عسکری رضا، شہید علی رضا عابدی کی یاد میں دعائیہ تقریب و چراغاں

کراچی میں شہدائے سانحہ عاشورہ، شہید عسکری رضا، شہید علی رضا عابدی کی یاد میں دعائیہ تقریب و چراغاں
اسلام ٹائمز۔ شہدائے سانحہ عاشورہ، شہید عسکری رضا، شہید علی رضا عابدی و شہدائے ملت جعفریہ کی یاد میں مجلس وحدت مسلمین سندھ کے تحت دعائیہ تقریب امام بارگاہ شاہ خراسان پر منعقد کی گئی جس میں شمعیں بھی روشن کی گئیں، دعائیہ تقریب میں سینئر سیاستدان ڈاکٹر فاروق ستار، علی حسین نقوی، سابق ایم پی اے میجر (ر) قمر عباس، علامہ صادق جعفری، ناصر الحسینی، علامہ مبشر حسن، علامہ سجاد شبیر، ڈاکٹر مبشر عالم، سید محمد علی شاہ، حسن مہدی، ضامن عباس، شیراز الحسن، سید ناصر آغا، اقتدار حسین سمیت دیگر نے شرکت کی۔ مقررین نے سانحہ عاشورہ، سانحہ مسجد حیدری، سانحہ نشترپارک اور دیگر سانحات پر تفصیلی گفتگو کی اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ شرکاء سے خطاب میں ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کا سب سے بڑا قصور یہ تھا کہ وہ سچے اور کھرے انسان تھے، سیاست میں کبھی مصلحت پسندی رکھی جاتی ہے، علی رضا عابدی شہید سیاست میں رہ کر مصلحت پسندی سے بالاتر ہوکر سچ بولا کرتے تھے، علی رضا عابدی ملک کا اثاثہ تھے اور یہ ملک کا نقصان ہے، جب تک قاتل کیفر کردار تک نہیں پہنچیں گے ہم بھی خاموش نہیں بیٹھیں گے، ہم عہد کریں شہید علی رضا عابدی کا مشن لوگوں کو جوڑنا تھا اسے جاری رکھیں گے، مشکلات ہیں لیکن اس کی روح سے عہد کرتے ہیں اس کے مشن کو جاری رکھیں گے۔

سید علی حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علی رضا عابدی کے اصلی قاتلوں کو سامنے لایا جائے، جعلی قاتلوں کو قوم قبول نہیں کریگی، حکومت کراچی کو فوکس کرے سلیپرز سیل آپکو معلوم ہے کس کے ہیں، علماء اکابرین اور اہم شخصیات کو سیکورٹی فراہم کی جائے، ہم پاکستان پر جان قربان کردیں گے لیکن وطن پر آنچ نہیں آنے دیں گے، شہر قائد میں بم دھماکوں، خودکش حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے سانحات میں لاکھوں بے گناہ شہری شہید ہوئے، دہشتگردی کا نشانہ بنے والے ڈاکٹر، پروفیسرز، انجینئر ملک و قوم کا سرمایہ تھے، شہید علی رضا عابدی سچے، محب وطن، بے لوث، نڈر سیاست دان تھے، کالعدم دہشتگرد جماعتوں کا نیٹ ورک شہر میں دوبارہ مستحکم ہوتا جارہا ہے جس کے خلاف آپریشن کیا جائے، انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے شہید علی رضا عابدی سمیت دیگر شہداء ملت جعفریہ کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 769832
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش