0
Friday 4 Jan 2019 12:23

پشاور، گھروں میں غیر قانونی گیس کمپریسر کیخلاف کارروائی کی سفارش

پشاور، گھروں میں غیر قانونی گیس کمپریسر کیخلاف کارروائی کی سفارش
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی نے صوبائی حکومت کو سفارش کی ہے کہ گھروں کے اندر لگے گیس کمپریسر کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ گیس کا بحران مزید سنگین ہونے سے بچ جائے۔ موسمِ سرما میں گیزر اور ہیٹر کے استعمال کے باعث گیس کی طلب و رسد میں فرق پیدا ہو جاتا ہے۔ ایسی صورتحال میں بعض صارفین گیس کمپریسر کا استعمال کرتے ہیں جو نہ صرف خود اُن کیلئے خطرے کا باعث ہے بلکہ آس پاس کے صارفین کے گھروں میں گیس پریشر میں بھی کمی کا باعث بنتا ہے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی کی زیرِ صدارت اسمبلی سیکریٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں وزراء، اراکین اسمبلی سمیت دیگر اعلٰی حکام نے شرکت کی جبکہ سوئی نادرن گیس کے ایم ڈی امجد لطیف کو بھی طلب کیا گیا تھا۔ سوئی نادرن گیس کے ایم ڈی نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ سردی میں زیادہ استعمال کے باعث گیس کم ہو جاتی مگر بعض صارفین گھروں میں کمپریسر لگا کر پائپ لائن میں موجود سارا گیس کھینچ لیتے ہیں جس کے باعث اسی پائپ لائن سے منسلک دیگر گھروں میں گیس بالکل نہیں پہنچتی۔

ایم ڈی نے حکام سے درخواست کی کہ غیرقانونی کمسپریسر کا استعمال روکنے میں مدد کی جائے۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ دوسرا گیس ٹرمینل 15 دن کے اندر تیار ہورہا ہے جس کے بعد صورتحال معمول پر آجائے گی۔ اجلاس کے شرکاء نے صوبائی حکومت کو سفارش کی ہے کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو ہدایات جاری کی جائے کہ گھروں میں گیس کمپریسر کے خلاف دفعہ 144 نافذ کی جائے، جبکہ سوئی گیس حکام کو ہدایت کی کہ پائپ لائن کی نگرانی کیلئے نظام بنایا جائے۔ اجلاس میں حکام نے یہ بھی سفارش کی کہ شام 6 سے 8 بجے تک تمام سی این جی اسٹیشن بند رکھے جائیں تاکہ گھریلو صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسپیکر مشتاق غنی نے کہا کہ خیبر پختونخوا خود گیس پیدا کرتا ہے۔ اس لیے یہاں کے عوام کو گیس کی قلت نہیں ہونی چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 770144
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش