QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا اور پنجاب حکومت نے نئے بلدیاتی نظام پر اتفاق کرلیا، شوکت یوسفزئی

4 Jan 2019 12:30

نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں خیبر پختونخوا کے وزیراطلاعات نے کہا کہ علاقوں میں بھی بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں، کیونکہ 30 جنوری تک حلقہ بندیاں مکمل کرلی جائیں گی اور فروری تک اعتراضات کا مرحلہ اگر مکمل ہو جاتا ہے تو اپریل میں بلدیاتی الیکشن کرائے جاسکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا اور پنجاب حکومت نے نئے بلدیاتی نظام پر اتفاق کرلیا۔ موجودہ بلدیاتی حکومتوں کی مدت پوری ہونے اور نئے ایکٹ کی منظوری کے بعد دونوں صوبوں میں ایک ہی دن بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کے مطابق صوبے میں ضم قبائلی علاقوں میں بھی اپریل تک بلدیاتی الیکشن کی تیاری کی جا رہی ہے کیونکہ ان کی حکومت چاہتی ہے کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے جائیں تاکہ لوگوں کو بروقت انصاف مہیا ہو سکے۔ ایک نجی ٹی وی کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران شوکت یوسفزئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام پر اتفاق ہوگیا ہے اور بہت جلد نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ قبائلی اضلاع کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں بھی بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں کیونکہ 30 جنوری تک حلقہ بندیاں مکمل کرلی جائیں گی اور فروری تک اعتراضات کا مرحلہ اگر مکمل ہو جاتا ہے تو اپریل میں بلدیاتی الیکشن کرائے جا سکتے ہیں۔ مالم جبہ سکینڈل کے حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سکینڈل میں ابھی تک کوئی کرپشن یا بدعنوانی سامنے نہیں آئی، سرکاری زمین حکومت کے پاس ہی ہے، مسئلہ صرف اراضی کی محکمہ جنگلات سے محکمہ سیاحت کو منتقلی کا ہے، ہم عدالت میں پیش ہونے کیلئے تیار ہیں اور نیب نے جتنی بار وزیراعلٰی کو طلب کیا وہ پیش ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 770146

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/770146/خیبر-پختونخوا-اور-پنجاب-حکومت-نے-نئے-بلدیاتی-نظام-پر-اتفاق-کرلیا-شوکت-یوسفزئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org