0
Saturday 5 Jan 2019 12:09

نیلم جہلم پراجیکٹ، بجلی پیدا کرنے کے لئے تیار

نیلم جہلم پراجیکٹ، بجلی پیدا کرنے کے لئے تیار
اسلام ٹائمز۔ نیلم جہلم پراجیکٹ رواں سال ہائی فلو سیزن میں پوری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کرنے کے لئے تیار ہے۔ نیلم جہلم پراجیکٹ کے چاروں یونٹ مرحلہ وار مکمل کئے گئے ہیں اور پراجیکٹ پچھلے 8 ماہ سے نیشنل گرڈ کو بجلی بھی مہیا کر رہا ہے اور اس دوران ایک ارب 80 کروڑ یونٹ پیدا کر چکا ہے۔ تعمیراتی معاہدے کے مطابق اب نیلم جہلم پراجیکٹ کے الیکٹریکل اور مکنیکل آلات کی تفصیلی جانچ پڑتال ہو گی جو کہ معاہدے کی رُو سے منصوبے کے کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر کریں گے، اس کے لئے جنوری کا انتخاب کیا گیا ہے کیونکہ اس دوران دریا میں پانی کی آمد کم ہوتی ہے، تفصیلی جانچ پڑتال کے لئے نیلم جہلم پاور ہاؤس 5 جنوری سے 2 فروری تک بند رہے گا۔ جانچ پڑتال کے بعد نیلم جہلم پاور ہاؤس سے بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ دریائے نیلم میں پانی کی کم آمد کا دورانیہ ستمبر سے شروع ہو کر مارچ تک جاری رہتا ہے۔ اس دوران جنوری میں پانی کی آمد سب سے کم ہوتی ہے۔ نتیجتاً بجلی بھی کم پیدا ہو سکتی ہے۔ اسی لئے منصوبے کے الیکٹریکل اور مکینکل آلات کی تفصیلی انسپکشن کے لئے جنوری کا انتخاب کیا گیا ہے۔

تفصیلی انسپکشن کے دوران ڈرافٹ ٹیوبز، فلیپ گیٹس، ساڑھے 3کلومیٹر طویل زیرزمین ٹیل ریس ٹنل، سرج شافٹ، پیداواری یونٹس اور دیگر متعلقہ آلات کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ واضح رہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے پیداواری یونٹ سے بجلی کی پیداوار 13 اپریل 2018ء کو شروع ہوئی تھی، جبکہ 14 اگست 2018ء تک اس کے تمام 4 یونٹس مرحلہ وار مکمل کر لئے گئے تھے، چونکہ نیلم جہلم پراجیکٹ ہر لحاظ سے مکمل ہو چکا ہے، اس لئے 2019ء میں منصوبہ سے اس کی پوری صلاحیت کے مطابق 4 ارب 60 کروڑ یونٹ سستی بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 770324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش