0
Sunday 6 Jan 2019 12:36

جشن نوروز کے موقع پر ایران اور افغانستان کے قونصلیٹ کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائیگی، عاطف خان

جشن نوروز کے موقع پر ایران اور افغانستان کے قونصلیٹ کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائیگی، عاطف خان
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے ثقافت، سیاحت، آرکیالوجی، کھیل و امور نوجوانان عاطف خان نے کہا ہے کہ ایران سمیت تمام ہمسایہ اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ عنقریب کلچر ایکسچینج پروگرام شروع کئے جائیں گے، بہت جلد پشاور میں تمام ہمسایہ ممالک کی ثقافت پر مشتمل ایک پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سینئر وزیر نے خانہ فرہنگ ایران پشاور میں دو روزہ آرٹ اینڈ پینٹنگ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل محمد باقر بیگی کے علاوہ دیگر حکام بھی موجود تھے۔ نمائش میں خواتین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، نمائش میں مختلف قسم کے آرٹ اور پینٹگز رکھے گئے تھے جو پاکستان اور ایران کی ثقافت پر مشتمل تھے۔ سینئر وزیر نے تمام آرٹس اور پینٹنگ دیکھیں۔

سینئر وزیر عاطف خان نے کہا کہ اس قسم کی ثقافتی سرگرمیوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہو جائیں گے، پاکستان اور ایران دونوں ہمسایہ اور دوست ممالک ہیں اس قسم کی مزید سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس سے دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں آنے والا جشن نوروز جوش وخروش کے ساتھ منایا جائے گا جس میں ایران اور افغانستان سے اعلٰی حکام کو مدعو کیا جائے گا۔ جشن نوروز کے موقع پر ایران اور افغانستان کے قونصلیٹ کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ سینئر وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی حسن سے مالامال ہے حکومت سیاحت کو عالمی سطح پر متعارف کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، صوبے کی سیاحتی اور ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے وہ بہت جلد ایران کا دورہ کریں گے اور وہاں سے سیاحوں کو خیبر پختونخوا کی قدرتی حسن کی طرف راغب کرنے کیلئے اعلٰی حکام سے سیاحوں کو آسان شرائط پر ویزے دینے کے علاوہ تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بات کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 770541
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش