0
Sunday 6 Jan 2019 23:51

سندھ کی عوام کا پیسہ لوٹنے والے بہت جلد اڈیالہ جیل میں ہونگے، خرم شیر زمان

سندھ کی عوام کا پیسہ لوٹنے والے بہت جلد اڈیالہ جیل میں ہونگے، خرم شیر زمان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف سندھ کے ترجمان و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے وزیراعلیٰ سندھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مراد علی شاہ آصف علی زرداری گروپ کا حصہ ہیں، گیارہ سال تک اقتدار میں رہنے کے باوجود پیپلز پارٹی نے سندھ کیلئے کچھ نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ کے ترقیاتی بجٹ کے 258 ارب روپے کس شہر میں خرچ کیے گئے، وزیراعلیٰ اس بات کا جواب دیں، صحت کے شعبے میں ترقیاتی بجٹ صرف 9 فیصد خرچ ہو سکا۔ ترجمان تحریک انصاف نے مراد علی شاہ سے سوال کیا کہ وہ دیگر صوبائی محکموں کا بھی بتائیں، جن پر گیارہ سال میں ایک بھی پیسہ خرچ نہیں کیا گیا، سندھ کا بجٹ خرچ نہ کرنے والے وزیراعلیٰ ڈرامے بازی کرنے پر اتر آئے۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ زرداری بتائیں 11 سال میں سندھ کے عوام کیلئے پینے کا پانی کیوں نہیں دیا گیا، صوبے کے کسی اسپتال میں علاج کی سہولت نہیں، جبکہ اسکولوں میں آج تعلیم بھی میسر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی کے دورِ حکومت میں سندھ میں صرف کرپشن کو فروغ دیا گیا، گیارہ سال میں صوبے کیلئے کوئی اقدامات نہیں ہوئے، صرف زبان سے حکومت چلائی گئی، آج سندھ 100 سال پیچھے چلا گیا، تھر میں بچے مر رہے ہیں، مگر حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کے ساتھ اب مزید زیادتی نہیں ہونے دیں گے، عوام کا پیسہ لوٹنے والے بہت جلد اڈیالہ جیل میں ہوں گے، آج بھی وزیراعلیٰ کی برطرفی اور استعفے کے مؤقف پر کھڑے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 770632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش