0
Monday 7 Jan 2019 17:09
پاکستان اور سعودی عرب کے مابین نئے معاہدات متوقع

سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کیدوران احتجاج کا سامنا کرنا پڑیگا

خاشقجی قتل کے بعد بن سلمان کو تنہائی کا سامنا ہے
سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کیدوران احتجاج کا سامنا کرنا پڑیگا
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان عنقریب پاکستان کا دورہ کرینگے۔ ان کے دورہ پاکستان کے دوران عوامی احتجاج بھی متوقع ہے۔ عرب نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یاداشتوں پہ دستخط کیلئے جلد ہی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد پر نئے معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ جمال خاشقجی قتل کے بعد سعودی ولی عہد کو عالمی سطح پہ ناپسندیدگی اور تنہائی کا سامنا ہے۔ بین الاقوامی کانفرنسز میں مختلف سربراہان مملکت ان سے ہاتھ ملانا اور بات کرنا گوارا نہیں کر رہے جبکہ خاشقجی قتل کے بعد سعودی عرب کا دورہ کرنے والے سربراہان مملکت بھی ولی عہد سے کنی کترا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں یمن جنگ کے باعث بھی سعودی ولی عہد کو دنیا میں شدید تنقید اور ناپسندیدگی کا سامنا ہے۔ سعودی ولی عہد کی درپیش ان مشکلات کے باعث قرین قیاس یہی ہے کہ بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران وفاقی دارالحکومت میں عوامی سطح پہ شدید احتجاج ہو سکتا ہے، اس سے نمٹنے کیلئے حکومت کیا پالیسی اختیار کرتی ہے، یہ سوال قبل از وقت ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ کئی ماہ سے قومی پرنٹ میڈیا میں سعودی عرب کے اندر سزائے موت پانے والے پاکستانیوں کے معاملات پہ بھی کھل کے بات کی جارہی ہے، بالخصوص وزیر داخلہ شہریار آفریدی کے اسلامک یونیورسٹی کے سربراہ کے ساتھ مکالمے کے بعد یہ موضوع زبان زد عام ہے جبکہ محض دو روز قبل ہی شیخ باقر النمر کی برسی گزری ہے، جس کی مناسبت سے پاکستان کے طول و عرض میں تقاریب منعقد ہوئی ہیں۔ ان تمام معاملات کو سامنے رکھتے ہوئے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے موقع پہ انہیں کس ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرنے جا رہا ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے حکومت پاکستان سے درخواست کی گئی تھی کہ پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کیلئے درپیش تمام رکاوٹیں جلد سے جلد ختم کی جائیں جبکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسی سلسلے میں 14 رکنی خصوصی وفد بھی پاکستان بھیجا۔ سعودی عرب کا 14 رکنی خصوصی وفد بدھ کے روز بلوچستان کے شہر گوادر پہنچا۔ سعودی وفد نے گوادر میں آئل ریفائنری کی تعمیر کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا جبکہ سعودی ولی عہد معاملات کے حتمی شکل دینے کیلئے جلد پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 770749
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش