0
Tuesday 8 Jan 2019 22:32

سپین کے 15 کوہ پیما دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے سکردو پہنچ گئے

سپین کے 15 کوہ پیما دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے سکردو پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کرنے کے لئے اسپین کی 15 رکنی کوہ پیماؤں کی ٹیم سکردو پہنچ گئی۔ ٹیم میں تین خواتین کوہ پیما بھی شامل ہیں۔ 15 رکنی کوہ پیماؤں کا کمشنر آفس سکردو میں سرکاری سطح پر استقبال کیا گیا۔ کمشنر بلتستان ڈویژن حمزہ سالک، ڈپٹی کمشنر سکردو نوید احمد، ایس ایس پی سکردو راجہ مرزا حسن اور دیگر سرکاری حکام نے غیر ملکی کوہ پیماؤں کو سکردو آمد پر خوش آمدید کہا۔ 15 رکنی ٹیم کی قیادت عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما ایلیکس ٹیکسیکون کر رہے ہیں۔ غیر ملکی کوہ پیما آج اسکولی پہنچیں گے۔ جہاں سے 6 روز پیدل سفر کرنے کے بعد کے ٹو کے بیس کیمپ پر پڑاؤ ڈالیں گے، جہاں سے موسم صاف ہوتے ہی مہم جوئی کا آغاز ہوگا۔

معروف کوہ پیما ایلیکس ٹیکسکون اور ساتھیوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کئی بار پاکستان آچکے ہیں، دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کرکے دنیا میں پاکستان خاص طور پر گلگت بلتستان کے تشخص کو اجاگر کریں گے۔ بلتستان بہت ہی خوبصورت علاقہ ہے، یہاں کی آب و ہوا اور ماحول دیکھ کر نہایت مسرت ہوئی۔ لوگوں کی مہمان نوازی بھی بے مثال ہے۔ کمشنر بلتستان حمزہ سالک نے کہا کہ گلگت بلتستان آنے والے ملکی و غیر ملکی کوہ پیماؤں اور سیاحوں کو سرکاری سطح پر بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کوہ پیماؤں کے لئے ویزا پالیسی میں نرمی اور سیاحتی مقامات پر رسائی کو آسان بنانے کے لئے بھی کوششیں کی جائیں گی، امید ہے کہ غیر ملکی کوہ پیماء بلتستان سے مثبت اور اچھے پیغامات لے کر واپس جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 771019
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش