QR CodeQR Code

مہاجروں کو دیوار سے لگانے کا عمل بند نہ ہوا تو سنگین نتائج برآمد ہونگے، سلیم حیدر

10 Jan 2019 00:00

اپنے ایک بیان میں مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین نے کہا کہ کراچی کا میئر جو ساری زندگی مہاجروں کے ووٹوں اور خیرات پر عیاشیاں کرتا رہا، آج مہاجر دشمنی میں سب سے آگے نظر آتا ہے، اب مہاجروں کو یہ سوچنا چاہئے کہ وہ کب تک اس طرح کے مفاد پرست اور ضمیر فروشوں کو پالتے رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ سندھ میں مہاجروں کو دیوار سے لگانے کا عمل اگر بند نہ ہوا، تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، گزشتہ 40 سال سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کے حکمرانوں نے مہاجروں کو تیسرے درجے کا شہری سمجھا، سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے کراچی کے مہاجروں کی آج بھی دکانوں کو تجاوزات قرار دے کر مسمار کیا جا رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ میں مہاجروں کی اربوں روپے کی زرعی زمینوں اور گھروں پر قبضے کئے گئے، لیکن کسی حکومت اور کسی انتظامیہ کو وہ نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات کی آڑ میں مہاجروں کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے، 50، 50 سال سے قائم دکانوں اور گھروں کو مسمار کرکے انہیں متبادل کے طور پر رہنے اور کاروبار کی جگہ بھی نہیں دی جا رہی ہے۔

سلیم حیدر نے کہا کہ کراچی کا میئر جو ساری زندگی مہاجروں کے ووٹوں اور خیرات پر عیاشیاں کرتا رہا، آج مہاجر دشمنی میں سب سے آگے نظر آتا ہے، اب مہاجروں کو یہ سوچنا چاہئے کہ وہ کب تک اس طرح کے مفاد پرست اور ضمیر فروشوں کو پالتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر طرح کی برائی اور ہر طرح کے جرائم صرف کراچی میں ہی ہیں، باقی پورے سندھ میں نہ تو کوئی جرائم ہے اور نہ کوئی جرائم پیشہ، نہ کوئی دہشتگرد ہے اور نہ ہی کوئی علیحدگی پسند ملک دشمن۔ انہوں نے کہا کہ ہم قانون کی عملداری پر یقین رکھتے ہیں، لیکن یہ عملداری سب کیلئے یکساں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے مہاجروں کے ساتھ ملازمت، تعلیم میں جو امتیازی سلوک کیا گیا، اس کے بعد اب انہیں معاشی طورپر بھی تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 771213

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/771213/مہاجروں-کو-دیوار-سے-لگانے-کا-عمل-بند-نہ-ہوا-سنگین-نتائج-برآمد-ہونگے-سلیم-حیدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org