0
Thursday 10 Jan 2019 18:12

پی ٹی آئی حکومت کا جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانیکا وعدہ باقی تمام وعدوں کیطرح جھوٹا ثابت ہوا ہے، پیپلزپارٹی

پی ٹی آئی حکومت کا جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانیکا وعدہ باقی تمام وعدوں کیطرح جھوٹا ثابت ہوا ہے، پیپلزپارٹی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری و صدر کلرک بار ایسوسی ایشن ضلع کچہری ملتان حاجی امین ساجد، پیپلزپارٹی علماء مشائخ ونگ جنوبی پنجاب کے سینیئر نائب صدر حاجی مرزا نذیر بیگ، پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن و انچارج میڈیا سیل خواجہ عمران، اشتیاق شاہ ایڈووکیٹ اور طارق جلیل ایڈووکیٹ نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا نام ای سی ایل اور جے آئی ٹی سے نکالنے کے عدالتی حکم کے بعد یہ ثابت ہوچکا ہے کہ جے آئی ٹی سیاسی تھی، اس کا مقصد صرف پیپلزپارٹی کی قیادت کو بدنام کرنا اور دباو میں لانا تھا اور یہ بات بھی واضح ہوگئی کہ جے آئی ٹی کا سارا عمل انتقامی ہے، موجودہ حکومتی جماعت تحریک انصاف نہیں بلکہ تحریک انتقام بن چکی ہے، جو حکومتی امور چلانے کے بجائے اپوزیشن اراکین کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہے، لیکن ہم موجودہ نااہل سلیکٹڈ وزیراعظم عمران احمد نیازی اور اس کے ٹولہ کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہمارے قائدین چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، فریال تالپور سمیت کسی کے بھی خلاف تمھارے ان غیر جمہوری ہتھکنڈوں کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ یاد رکھو، پیپلزپارٹی کی قیادت نہ ماضی میں ایسے اوچھے ہتکنڈوں سے گھبرائی ہے اور نہ آئندہ گھبرائے گی، حکومت وقت پاکستانی غریب عوام پر رحم اور آئے روز مہنگائی کے معاشی بم گرانے کا سلسلہ بند کرے، عوام تبدیلی سرکار کی عوام دشمن تبدیلی سے اچھی طرح واقف ہوگئی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ابھی اس حکومت کے بمشکل 5 ماہ پورے ہوئے ہیں، لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اندرونی و بیرونی قرضوں میں ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے، اس حکومت کے پاس نہ کوئی خارجہ پالیسی ہے، نہ ہی معاشی پالیسی ہے، گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھریلو و کاروباری زندگی اجیرن ہوگئی ہے، نااہل حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت عوام ڈپریشن کی وجہ سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہی ہے، کیونکہ عوام سے جینے کا حق بھی اس حکومت نے چھین لیا ہے، اگر یہی حالات رہے تو پھر یہ سلیکٹڈ حکومت جان لے کہ پیپلزپارٹی اپنے قائد چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بھرپور احتجاج کرکے عوامی طاقت سے تمھیں اقتدار کے ایوانوں سے باہر نکالے گی۔ مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا اس حکومت نے جو وعدہ کیا تھا، وہ بھی ان کے تمام وعدوں کی طرح جھوٹا ثابت ہوا ہے، لیکن جنوبی پنجاب صوبہ ضرور بنے گا، یہ سرائیکی خطے کا حق ہے اور پیپلزپارٹی اس خطہ کی عوام کو اس کا یہ جمہوری حق ضرور دلائے گی، کیونکہ پیپلزپارٹی آج بھی اس خطہ سمیت پورے پاکستان کی سب سے بڑی اور وفاقی و جمہوری جماعت ہے اور ہمارا ہر عمل و فیصلہ صرف ملک و قوم کی فلاح و بہبود کیلئے ہوتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 771347
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش