0
Friday 11 Jan 2019 14:02

دہشتگردی کی ہدایت کون دیتا تھا، متحدہ ٹارگٹ کلرز سعید بھرم نے سب کچھ اُگل دیا

دہشتگردی کی ہدایت کون دیتا تھا، متحدہ ٹارگٹ کلرز سعید بھرم نے سب کچھ اُگل دیا
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم کے ٹارگٹ کلر سعید بھرم نے عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں کہا ہے کہ دہشتگردی کی ہدایت ندیم نصرت، فاروق ستار، میئر کراچی وسیم اختر، حیدر عباس رضوی اور دیگر دیتے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ایم کیو ایم حقیقی کے کارکن کے قتل میں سزا کے خلاف ایم کیو ایم کے ٹارگٹ کلر سعید بھرم کی اپیل کی سماعت ہوئی، عدالت نے رینجرز کے وکلاء سے استفسار کیا کہ ملزم کے خلاف کتنے مقدمات ہیں، جس پر رینجرز کے وکلاء کی جانب سے ملزم کے کرمنل ریکارڈ فراہم کرنے کی استدعا کی گئی، رینجرز پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سعید بھرم کو انسدادِ دہشتگردی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی، ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد تھے، لہٰذا سزا برقرار رکھی جائے۔ دوسری جانب ملزم سعید بھرم نے اعترافی بیان عدالت میں جمع کرا دیا ہے، جس کے مطابق ملزم اعتراف کر چکا ہے کہ وہ سندھ سیکرٹریٹ، پولیس ہیڈ آفس گارڈن پر حملے اور وکلاء سمیت متعدد افراد کے قتل میں ملوث ہے۔

سعید بھرم کے مطابق دہشتگردی کی ہدایت ایم کیو ایم کے ندیم نصرت، فاروق ستار، میئر کراچی وسیم اختر، حیدر عباس رضوی، محمد انور اور دیگر نے جاری کیں۔ ملزم سعید بھرم نے اعترافی بیان میں کہا کہ 2005ء اور 2006ء میں ایم کیو ایم لندن کے محمد انور نے کال کرکے کہا کہ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین نے اپنے مخالفین کو ٹھکانے لگانے کیلئے ٹارگٹ کلنگ ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ ملزم نے صولت مرزا، اجمل پہاڑی و دیگر ٹارگٹ کلرز کے ہمراہ شہر میں متعدد ٹارگٹ کلنگ، جلاؤ گھیراؤ، خوف و ہراس پھیلانے کی وارداتیں کرنے کا بھی اعتراف کیا۔ عدالت نے ملزم کے وکیل خواجہ نوید کی عدم حاضری پر سماعت گیارہ فروری تک ملتوی کر دی۔
خبر کا کوڈ : 771452
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش