QR CodeQR Code

دہشتگردوں کے سرپرستوں کو سرکاری اعزاز دینا شہدائے پاکستان سے ناانصافی ہے، اصغریہ اسٹوڈنٹس

11 Jan 2019 18:20

سانحہ ہزارہ ٹاون کوئٹہ کے شہداء کی چھٹی برسی کے موقع پر اے ایس او کے مرکزی صدر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ مکروہ عزائم رکھنے والے افراد، جو کہ ہمارے اداروں میں بیٹھ کر دہشتگردوں کی سرپرستی کرتے ہیں، ان کو بھی دہشتگردوں کے ساتھ نشان عبرت بنایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قمر عباس غدیری نے کہا ہے کہ سانحہ علمدار روڈ کوئٹہ کو چھ سال گذرنے کے باوجود بھی شہداء کے خون سے انصاف نہیں ہو سکا، دہشتگردوں کی سرپرستی کرنے والوں کو سرکاری اعزاز دینا شہدائے پاکستان سے ناانصافی کے مترادف ہے، کالعدم سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی، تحریک طالبان اور داعش ایک ہی دہشتگرد گروہ ہے، جو کہ ہر دور میں اپنا نام بدل کر وطن عزیز کا ناقابل تلافی نقصان کرتے آرہے ہیں، دہشتگردوں کو عبرتناک سزا دینے سے ہی ملک میں ریاست کی رٹ قائم ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے ملت جعفریہ کے خونِ مطہر نے پاکستان میں ظالم اور مظلوم کو روز روشن کی طرح عیاں کر دیا ہے، جس سے ملک میں دہشتگردی کے خلاف قوم متحد ہوئی اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہونے کے عزم سے بیدار ہوئی ہے۔

سانحہ ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ کے شہداء کی چھٹی برسی کے موقع پر قمر عباس غدیری نے انہیں ان کو سلامی پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت تشیع نے 105 شہادتوں کے باوجود اپنے عزم و حوصلے کا عظیم و الشان مظاہرہ کیا، 10 جنوری 2013ء کے دردناک انسانیت سوز واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہریوں  نے پورا پاکستان بلاک کیا تھا، مگر کسی بھی گاڑی کو ایک پتھر نہیں لگا، نہ ہی کسی کی عزت و آبرو پر کوئی آنچ آئی، یہ احتجاج دنیا کی تاریخ میں منظم احتجاج یاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز کے غیور فرزند افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور ہر قدم پر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ مکروہ عزائم رکھنے والے افراد، جو کہ ہمارے اداروں میں بیٹھ کر دہشتگردوں کی سرپرستی کرتے ہیں، ان کو  بھی دہشتگردوں کے ساتھ نشان عبرت بنایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 771489

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/771489/دہشتگردوں-کے-سرپرستوں-کو-سرکاری-اعزاز-دینا-شہدائے-پاکستان-سے-ناانصافی-ہے-اصغریہ-اسٹوڈنٹس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org