QR CodeQR Code

جہانگیر ترین کی جنوبی پنجاب صوبہ کے حوالے سے سرگرمیاں تیز، مشاورتی عمل جاری

11 Jan 2019 23:15

پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری نے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو میں کہا کہ لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ عوام دوست قانون سازی کے لئے دیئے، اپوزیشن جماعتوں کو قومی اسمبلی یا سینیٹ کارروائی میں تاخیری حربے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا جائز حق ضرور دلوائے گی، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ جولائی کے اوائل سے کام شروع کر دے گا، جنوبی پنجاب کے مسائل اب لاہور نہیں بلکہ جنوبی پنجاب میں حل ہوں گے، لودھراں سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کے سینیئر رہنماؤں اور وفاقی وزراء سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔ ملاقات میں میں وفاقی وزراء پرویز خٹک، علی محمد خان، خسرو بختیار، ایم این اے ملک عامر ڈوگر، وزیراعظم معائنہ کمیشن کے سربراہ احمد یار ہراج، طاہر بشیر چیمہ، اسحاق خان خاکوانی و دیگر موجود تھے۔

پارٹی رہنماؤں نے جہانگیر ترین سے ملاقات میں جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام اور مقام کے تعین پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جبکہ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے آئینی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا۔ ملاقات میں اپوزیشن جماعتوں سے نمٹنے کی حکمت عملی بھی طے کی گئی، جہانگیر ترین نے پارٹی رہنماؤں سے خطاب میں مزید کہا کہ لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ عوام دوست قانون سازی کے لئے دیئے، اپوزیشن جماعتوں کو قومی اسمبلی یا سینیٹ کارروائی میں تاخیری حربے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، عوامی فلاح سے متعلق قانونی سازی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے، جہانگیر ترین نے کہا کہ انشاءاللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو فلاحی ریاست ضرور بنائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 771497

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/771497/جہانگیر-ترین-کی-جنوبی-پنجاب-صوبہ-کے-حوالے-سے-سرگرمیاں-تیز-مشاورتی-عمل-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org