QR CodeQR Code

10 سال میں قبائلی اضلاع کی تقدیر بدل جائیگی، شوکت یوسفزئی

11 Jan 2019 18:55

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات نے شمالی وزیرستان کا پہلا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انضمام کے ثمرات عوام تک پہنچنے میں کچھ وقت لگے گا، قبائلی عوام نے 70سال انتظار کیا اب کچھ مہینے بھی انتظار کریں، قبائل پہلے نہیں اب آزاد ہوئے ہیں کیونکہ ایف سی آر غلامی کا نظام تھا جس نے قبائل کو جکڑ رکھا تھا، پر اب ایف سی آر ختم ہوچکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان کے میرانشاہ پریس کلب میں پریس کانفرنس ہال کا افتتاح کردیا گیا۔ دہشتگردی سے متاثرہ شمالی وزیرستان میرانشاہ پریس کلب 14 جون 2014ء کو بند کردیا گیا تھا تاہم امن کے قیام کے بعد چند مہینے پہلے ہی میرانشاہ پریس دوبارہ کھولا گیا۔ پریس کانفرنس ہال کا افتتاح وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کیا۔ اس موقع پر شوکت یوسفزئی نے قبائلی جرگہ سے بھی خطاب کیا۔ اس دوران شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پاک فوج، انتظامیہ اور عوام کی قربانیوں کی بدولت وزیرستان میں امن قائم ہوا۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ انضمام کے ثمرات عوام تک پہنچنے میں کچھ وقت لگے گا، قبائلی عوام نے 70 سال انتظار کیا، اب کچھ مہینے بھی انتظار کریں۔ شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ قبائل پہلے نہیں اب آزاد ہوئے ہیں کیونکہ ایف سی آر غلامی کا نظام تھا جس نے قبائل کو جکڑ رکھا تھا، پر اب ایف سی آر ختم ہوچکا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب قبائل کو آئینی آزادی مل چکی ہے کسی بھی شکایت کی صورت میں عدالت جا سکتے ہیں اور 10 سال میں قبائلی اضلاع کی تقدیر بدل جائے گی۔ شوکت یوسفزئی نے خطاب کے دوران کہا کہ قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے 10 سالہ پلان کے تحت 1 ہزار ارب روپے دیں گے۔ افغانستان کے حوالے سے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور پاکستان کا امن افغانستان کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ صوبائی وزیر نے ریڈیو میرانشاہ کے لائیو پروگرام میں لوگوں کے مسائل سنے اور اس کے علاوہ میرانشاہ پریس کلب کیلئے سالانہ 10 لاکھ روپے گرانٹ اور شمالی وزیرستان میں میڈیا کالونی بنانے کا اعلان بھی کیا۔ شوکت یوسفزئی کے دورے کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات  کئے گئے تھے۔ اس موقع پر فوجی و سول حکام نے وزیر اطلاعات کو امن و امان اور تعمیر نو کے امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔


خبر کا کوڈ: 771500

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/771500/10-سال-میں-قبائلی-اضلاع-کی-تقدیر-بدل-جائیگی-شوکت-یوسفزئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org