QR CodeQR Code

صوبائی حکومت کی جانب سے نظر انداز کئے جانے پر رکن اسمبلی کا نگر سے گلگت لانگ مارچ کا اعلان

11 Jan 2019 20:56

پیپلزپارٹی کے ممبر اسمبلی جاوید حسین نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے ایفاد پراجیکٹ من پسند اضلاع میں تقسیم کر دیا ہے، نگر کو نظر انداز کیا گیا، خالی اسامیوں پر بھی بھرتیوں کے عمل کو روکا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی جاوید حسین نے صوبائی حکومت کی جانب سے ضلع نگر کو مسلسل نظر انداز کرنے پر گلگت کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر دیا، گلگت پریس کلب میں پی پی ضلع نگر کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید حسین نے کہا کہ نگر کے عوام کے مطالبات کو دو ماہ میں حل نہ کیا گیا تو سخت احتجاج ہوگا، پی پی دور کے منصوبوں پر وزیراعلیٰ نے اپنے نام کی تختی تو لگائی لیکن تمام کام التوا کا شکار ہیں، ایفاد 18 ارب روپے کا پراجیکٹ ہے، جو پورے گلگت بلتستان کیلئے ہے، لیکن وزیراعلیٰ اسے اپنے من پسند اضلاع میں تقسیم کر رہے ہیں، نگر کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے ایک جعلی سروے کے ذریعے تعلیمی میدان میں نگر کو پیچھے دھکیلنے کی سازش کی۔ انہوں نے کہا کہ نگر کیلئے منظور شدہ اسامیوں پر بھرتیاں بھی نہیں کی جا رہی ہیں، گذشتہ تین سال سے پی سی فور بھی التوا میں رکھا گیا ہے، حکومت نے ناروا سلوک کا سلسلہ جاری رکھا تو سخت ردعمل آئے گا اور ہزاروں لوگوں کو ساتھ لے کر نگر سے گلگت کی طرف لانگ مارچ کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 771519

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/771519/صوبائی-حکومت-کی-جانب-سے-نظر-انداز-کئے-جانے-پر-رکن-اسمبلی-کا-نگر-گلگت-لانگ-مارچ-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org