0
Friday 11 Jan 2019 21:36

پاک فوج گلگت بلتستان کے تحفظات سے آگاہ ہے، حقوق ملنے چاہئیں، میجر جنرل آصف غفور

پاک فوج گلگت بلتستان کے تحفظات سے آگاہ ہے، حقوق ملنے چاہئیں، میجر جنرل آصف غفور
اسلام ٹائمز۔ بلتستان یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ کے وفد نے آئی ایس پی آر ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور سے ملاقات کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے امن و استحکام کیلئے مسلح افواج کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاک فوج گلگت بلتستان کے معاملات اور تحفظات سے بخوبی آگاہ ہے اور قومی ترجیحات کی روشنی میں ان کے حقوق کے لیے کوشاں ہے، حقوق ملنے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اہداف میں سرحدوں کا تحفظ، معاشی استحکام، نظریاتی سرحدوں کا تحفظ اور بین الاقوامی تعلقات سبھی شامل ہیں، اہم قومی مقاصد میں مسئلہ کشمیر سرفہرست ہے، آصف غفور نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے قومی ترجیحات کا مرکز ثقل عوام کو ہونا چاہیئے۔

جنرل آصف غفور نے ففتھ جنریشن وار اور اس کے نتائج سے طلبہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان دشمنوں کی سازش کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ففتھ جنریشن وارفیئر میں سوشل میڈیا پر نوجوان نشانے پر ہیں، طلباء درپیش چیلنجز کے حوالے سے باخبر رہیں، دشمن اسلحے سے جنگ نہیں کرتے بلکہ اذہان اور افکار کی جنگ لڑتے ہیں، جن کا محاذ سوشل میڈیا ہے، سوشل میڈیا پر بے چینی پھیلانا، نوجوانوں کو ملکی اداروں سے بدظن کرنا اور ان کے ذہنوں میں مثبت افکار کی بجائے بدگمانیاں پیدا کرنا ففتھ جنریشن وارکے اہداف ہیں۔ آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے بلتستان یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو اس قومی ادارے کا دورہ کرانے اور ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان سب سے زیادہ محب وطن ہیں، ہمارے طلباء پاک فوج کے سفیر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 771528
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش