0
Sunday 13 Jan 2019 09:24

پیپلز یوتھ آرگنائزیشن نے تحریک انصاف کو سندھ دشمن قرار دیدیا

پیپلز یوتھ آرگنائزیشن نے تحریک انصاف کو سندھ دشمن قرار دیدیا
اسلام ٹائمز۔ پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کے ترجمان تیمور علی مہر نے تحریک انصاف کو سندھ دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو کچھ مزید حکومت کرنا ہے، تو اپنے بدزبان وزراء کو لگام ڈالیں، علیمہ خان کے خلاف جے آئی ٹی نہ بنانا اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی باتیں کرنا دُہرا معیار ہے، جس سے تحریک انصاف کے عزائم کھل کر قوم کے سامنے آچکے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں فریال تالپور کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے، مگر علیمہ باجی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے پی ٹی آئی حکومت کے ہاتھ کپکپا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ پر ملک لوٹنا واجب قرار دیدیا گیا ہے، جبکہ جن لوگوں نے ملک اور عوام کی خدمت کی ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جا رہا ہے، ہمارے قائد بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا عدالتوں سے جھوٹے مقدمات میں باعزت بری ہونا ہماری سچائی کا ثبوت ہے، نام نہاد جے آئی ٹی کا جھوٹ اب سب کے سامنے آ گیا ہے، بہتر ہوگا کہ عمران خان اب اپنی ہمشیرہ علیمہ خان کی جائیدادوں کی تفصیلات قوم کو بتائیں اور یہ بھی بتائیں کہ وہ جائیدادیں کہاں سے آئیں۔

تیمور علی مہر نے کہا کہ علیمہ خان کی جائیدادیں منظر عام پر آنے پر اب سب کو سانپ سونگھ گیا ہے، جبکہ ہمارے قائد آصف علی زرداری اور ان کے خاندان کا ایک سوچی سمجھی سازش کے ذریعے میڈیا ٹرائل کیا گیا۔ تیمور علی مہر نے کہا کہ تحریک انصاف کو اب منہ چھپانے کیلئے جگہ نہیں مل رہی ہے، ثابت ہو گیا ہے کہ عمران خان کو تقریروں کے سوا کچھ نہیں آتا، ہمارے قائدین پر الزام تراشیاں کرنے والوں کو ہمیشہ کی طرح اب بھی منہ کی کھانی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والے سیاسی نابالغ ہیں، جنہیں اب سیاست چھوڑ کر گھروں میں بیٹھ جانا چاہیے، کیونکہ وہ اب عوام کو منہ دکھانے کے قابل تو ویسے بھی نہیں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکطرفہ احتسا ب ہو رہا ہے، اس کے باوجود ہمیں عدالتوں پر اعتماد ہے، بلاول بھٹو کی تمام جھوٹے الزامات سے باعزت بری ہونے پر اب یقین ہو چکا ہے کہ پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی سازشیں ناکام ہونے کے بعد اب دم توڑ گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 771795
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب