0
Sunday 13 Jan 2019 20:09

موجودہ صوبائی حکومت نے بلوچستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ اور اہم قانون سازی کی، جام کمال خان

موجودہ صوبائی حکومت نے بلوچستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ اور اہم قانون سازی کی، جام کمال خان
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین بلوچستان عوامی پارٹی و وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لانا ،انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کی آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کیلئے جامع منصوبہ بندی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ماضی میں بے دردی کے ساتھ پی ایس ڈی پی اور ترقیاتی منصوبوں میں غفلت کا برتا جانا، نوکریوں کا بیچا جانا، تعلیم اور صحت کے اداروں کا تباہ کیا جانا اسٹیلمنٹ کے نام پر لاکھوں ایکڑ اراضی کے ریکارڈ میں ردوبدل اور کرپشن کو وزیراعلٰی سیکریڑیٹ سے نچلی سطح تک لے جانا اصل میں بلوچستان کی پسماندگی کی وجہ ہے اپنے ایک بیان میں وزیراعلٰی نے کہا ہے کہ اللہ تعالٰی نے ہمیں موقع دیا ہے اور انشاءاللہ تعالٰی جتنا بھی وقت ملا ہم اس صورتحال کو ٹھیک اور بہتر کرنے میں پوری کوشش اور خلوص نیت کے ساتھ محنت کریں گے۔

وزیراعلٰی نے کہا کہ انہیں بخوبی علم ہے کہ اس صورتحال کے ذمہ دار چند لوگوں کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی اور ان کی بےچینی آہستہ آہستہ بڑھ رہی ہے اور شاید انہیں پتہ ہے کہ وہ کن کن معاملات میں ملوث رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ ہماری مخلوط صوبائی حکومت نے ان 4ماہ میں ہر مسئلے پر ایکشن لیا، قانون سازی کی اور اقدامات اٹھائے۔ پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں اہم فیصلے کئے مختصر مدت میں صوبائی کابینہ کے سات اجلاس منعقد کئے۔ بلوچستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ اور اہم قانون سازی کی۔ ملازمتوں کی فراہمی کا طریقہ کار بنایا، تعلیم، صحت اور پانی کے شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کی اور اپنی زمین ساحل اور وسائل کے تحفظ کیلئے قانون سازی کی اور اسی طرح ان گنت اقدامات کئے جو شائد چند لوگوں کو پسند نہیں آرہے ہیں۔ 

جام کمال خان نے کہا کہ وہ اپنے اتحادیوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا، اور اس سارے عمل میں یکجا ہو کر اسے عملی جامعہ پہنایا۔ اللہ کے فضل سے آج ہم نے بلوچستان کیلئے وہ اقدامات اور قانون سازی کی اور ترقیاتی عمل کو بہتر بنایا جس سے صوبہ ایک صحیح سمت میں چل پڑا ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ یہ وہ 4 ماہ تھے، جس میں ہم نے اہم اقدامات کئے اور مزید ہر دن ایک نئے منصوبے، ترقی کے عمل اور قانون سازی کی طرف بڑھ رہے ہیں جو بلوچستان کو مستحکم اور بہتر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی امور کیساتھ ساتھ وہ پارٹی امور کو بھی ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور صوبے کی بہتری کے ہمارے اقدامات بلوچستان عوامی پارٹی کے منشور کی عکاسی کرتے ہیں۔ انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی کا سلوگن ’’ایک خوشحال بلوچستان‘‘ تھا۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ کچھ لوگ یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے معاملات میں چند کمزوریاں ہیں جن پر تحفظات ہیں، تاہم الحمدللہ بلوچستان عوامی پارٹی آج ایک مضبوط پلیٹ فارم پر کھڑی ہے اور اسی طرح سے اپنے موقف پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پلان ایک پارٹی کی حیثیت سے یہی تھا کہ پہلے چھ ماہ میں ہماری پارٹی اپنے منشور کو عوام کیلئے بنائے گی اور پھر اسے پارٹی اور عوام میں لے جائیگی تاکہ جب ہمارے ورکرز اور عہدیدار اپنے حلقے اور علاقوں میں جائیں تو لوگوں کو بتا سکیں کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے اب تک یہ اقدامات کئے ہیں اور ہمارے ورکروں اور پارٹی عہدیداروں کا ان کامیابیوں پر حوصلہ بلند ہو۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ وہ بحیثیت چیئرمین بلوچستان عوامی پارٹی اپنی پارٹی کے امور بھی چلائینگے اور بحیثیت وزیراعلٰی صوبائی امور کی ادائیگی کی ذمہ داریاں بھی ادا کرتے رہیں گے۔ ہماری پارٹی کے سینئر رہنماء اور ورکرز باہمی مشاورتی عمل سے آگے بڑھتے ہیں اور اس عمل کو ہر سطح پر آگے لے جایا جائیگا۔

پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کیساتھ ہر معاملے میں مشاورت ہوتی ہے جس کے مطابق امور طے کئے جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پارٹی کے وزراء اور اراکین اسمبلی اپنے اپنے ضلعوں کے عہدیداروں اور ورکرز کے مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اگر کہیں کمی بیشی ہے تو اسے جلد دور کردیا جائیگا۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ کچھ ایسے عناصر ضرور ہیں جو سوشل میڈیا پر بلا وجہ کی باتیں، افواہیں اور غلط فہمیاں پیدا کررہے ہیں اور ان میں ایسے لوگ بھی ہیں جنہیں نہ تو عوام کی پذیرائی حاصل ہے اور نہ ہی وہ ایک یونین کونسل کے کونسلر کے برابر بھی ووٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی کو ورکرز اور پارٹی عہدیداروں سے کوئی علیحدہ نہیں کرسکتا اور ہماری پارٹی میں فساد پیدا کرنیوالے ایسے عناصر کی گنجائش بھی نہیں رہے گی۔ پارٹی کی تنظیم سازی کا آغاز اس ہفتے سے کردیا جائیگا اور ہر ضلع اپنے ونگز جو سینٹرل ہونگے ان کے نام ہمیں بھیجے گا، جس کیلئے ہر ڈویژن کی سطح پر ایک کمیٹی قائم کی جائیگی اور اس کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہوگا۔

وزیراعلٰی نے کہا کہ بی اے پی کو بنانے اور قائم کرنے میں بہت محنت، قربانی اور لگن شامل ہے، ریڈی میڈ لوگ اپنے ذہنوں سے یہ تاثر نکال دیں کہ وہ پارٹی میں پھوٹ ڈال کر اپنے مذموم عزائم جن میں پارٹی کو کمزور کرنے کی سازش بھی شامل ہے کو پورا کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پوری کوشش رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی کہ ہم پارٹی پلیٹ فارم سے حکومتی اقدامات کے ذریعے عوام کی خدمت جاری رکھیں اور اپنی پارٹی کے منشور کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں اور پارٹی کے نظام کو غلط عزائم سے محفوظ رکھیں تاکہ ہمارے وکر اور عہدیدار اعتماد اور اطمینان کیساتھ عوام میں جائیں۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ اللہ تعالٰی کا ان پر بڑا کرم ہے کہ جس نے ان کے بڑوں کو بھی یہ سعادت دی کہ وہ بھی پارٹی اور حکومتی منصب دونوں پر فائز رہے، نا تو ہمارے بڑوں کے دل میں اس کا لالچ تھا اور نہ ہی میرے دل میں اس کا لالچ ہے۔ وزیر اعلٰی نے پارٹی ورکروں، عہدیداروں اور عوام سے کہا ہے کہ وہ دعا کریں کہ اللہ تعالٰی انہیں دونوں منصبوں پر رہتے ہوئے صوبے کے عوام اور پارٹی کیلئے کام کرنے کی ہمت اور توفیق عطاء کرے۔
 
خبر کا کوڈ : 771887
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش