QR CodeQR Code

علیمہ خان کیس میں عمران خان کبھی قانون کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گے، نعیم الحق

13 Jan 2019 22:26

نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء کا مہنگائی کے حوالے سے کہنا تھا کہ کھانے پینے کی اہم اشیاء کی قیمتوں میں ایسا اضافہ نہیں ہوا، مارکیٹ میں سبزیوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں علیمہ خان کو پیغام دیا گیا ہے کہ جائیداد کا معاملہ کلیئر کریں۔ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق کا مہنگائی کے حوالے سے کہنا تھا کہ کھانے پینے کی اہم اشیاء کی قیمتوں میں ایسا اضافہ نہیں ہوا، مارکیٹ میں سبزیوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام میں خرابی کی وجہ سے ایک دن میں کام ہونے کے بجائے کئی دن لگ جاتے ہیں، شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے سے دیگر کمیٹیوں نے کام شروع کردیا ہے۔ وزیراعظم کی ہمشیرہ سے متعلق گفتگو میں ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کا بہن علیمہ خان کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں اور انہیں علیمہ خان کے اثاثوں کا بھی علم نہیں۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی قانون کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گے کیوں کہ انہوں نے پہلے دن سے کہہ دیا تھا احتساب کے معاملے میں کوئی امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان خود ان سوالات کا جواب دیں گی اور میرے خیال ہے کہ انہیں پیغام دیا گیا کہ وہ جائیداد کا معاملہ کلیئر کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومتی ذرائع کا غلط استعمال کرنے کی کسی کی ہمت نہیں، عمران خان تمام کمائی پاکستان لے کر آئے لہٰذا ایک پائی بھی باہر نہیں۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نئے بجٹ میں کوئی ٹیکس عائد نہیں کیاجا رہا، نئے بجٹ میں پاکستان میں بزنس آسان کرنے سے متعلق چیزیں ہوں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹس معاملے پر بحث جاری ہے اور جلد فیصلہ کرلیا جائے گا۔ نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی پی رہنماؤں کے سمجھوتے کیلئے پیغامات آتے رہتے ہیں کہ معاملات ختم کریں، ہم آپ کی حمایت کریں گے لیکن ان سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 771900

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/771900/علیمہ-خان-کیس-میں-عمران-کبھی-قانون-کی-راہ-رکاوٹ-نہیں-بنیں-گے-نعیم-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org