0
Monday 6 Jun 2011 23:57

ڈرون حملوں پر نیٹو سپلائی بند کرنا ارباب اقتدار کی اولیں ذمہ داری ہے، فضل الرحمن

ڈرون حملوں پر نیٹو سپلائی بند کرنا ارباب اقتدار کی اولیں ذمہ داری ہے، فضل الرحمن
لاہور:اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مو لانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حالات نازک موڑ ہیں عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے، حالات دن بدن بدتر ہوتے جا رہے ہیں، پارلیمنٹ کی دوسری متفقہ قرارداد کے باوجود عمل درآمد کی طرف حکمران بڑھتے نظر نہیں آ رہے ہیں، مہنگائی نے غریب کا جینا مشکل کر دیا ہے، حکومت وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ثابت ہوئی ہے، وہ پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پارلیمنٹ کی پہلی قرارداد پر عمل درآمد کر لیا جاتا تو بیرونی مداخلت نہ ہوتی اور نہ ہی دوسری قرارداد لانے کی ضرورت پیش آتی، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی قرارداد کے بعد اتحادیوں کی صفوں سے نکلنا اور ڈرون حملوں کی صورت میں نیٹو سپلائی بند کرنا، ارباب اقتدار کی اولیں ذمہ داری ہے، لیکن حکومت اس موڈ میں بھی نظر نہیں آتی ہے، مو لانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی قرارداد پر عمل درآمد کے لیے تمام جماعتوں کو مشترکہ پالیسی بنا کر حکومت پر ڈباﺅ ڈالنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ حکومت خارجہ پالیسی کو پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد کے مطابق مرتب کرے اور داخلہ پالیسیاں بھی تبدیل کرے۔
مولانا فضل الرحمن نے ایک سوال کے جواب میں کہ کیا امریکی امداد کے بغیر ملک چل سکتا ہے کہا کہ صرف حکمرانوں کی شاہ خرچیاں نہیں چل سکتی ہیں، انہوں نے وفاقی بجٹ کو الفاظ کی ھیر پھیر قرار دیا، انہوں نے کہا کہ بجٹ جب آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق بنایا جائے گا تو عوام کو سہولتیں نہیں بلکہ مشکلات ملیں گی، مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بیرونی قرضوں سے جان چھڑائے بغیر ملک ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی معیشت مضبوط ہو سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشی اور سیاسی ادارے بیرونی دباﺅ  کا شکار ہیں اور ان اداروں میں بیٹھے اپنے مفادات کے لیے بیرونی نرغے سے خود نکلنا نہیں چاہتے ہیں اور نہ ہی عوام کو نکالنا چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک کو بیرونی پالیسیوں سے آزاد نہ کرایا گیا تو پھر مستقبل میں بڑے بحران آتے نظر آ رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے خلاف کاروائیاں قابل مذمت ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ مدارس پر ڈالنا چاہتی ہے، انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے خلاف ہر سازش کا جے یو آئی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ مولانا فضل الرحمن نے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مطالبہ کے مطابق جرات کرے تو پھر ڈرون حملوں کا سلسہ بند ہو سکتا ہے، مو لانا فضل الرحمن نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا خون بہنے پر عالمی ادارے خاموش رہ کر سنگین جرم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 77195
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش