QR CodeQR Code

بلوچستان میں مذہبی جماعتوں پر مشتمل متحدہ اسلامی انقلابی کونسل قائم کرنے کی تجویز

14 Jan 2019 13:03

کوئٹہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی خطیب کی سربراہی میں علماء نے کہا کہ کونسل کے ذریعے پاکستان کی داخلہ بحرانی صورتحال پر شرعی موقف دیا جائے گا، کونسل کسی سیکولر، قوم پرست اور لبرل سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں بڑھتے ہوئے سیاسی عدم استحکام اور معاشی مسائل کے حل کیلئے بلوچستان کے علماء کرام، مذہبی اور وکلاء رہنماؤں نے ملک میں متحدہ اسلامی انقلابی کونسل قائم کرنے کی تجویز دی ہے۔ کوئٹہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی خطیب مولانا انوار الحق حقانی، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی، جے یو آئی کے سابق صوبائی وزیر حافظ حسین احمد شرودی، مذہبی سکالر ڈاکٹر عطاء الرحمان، رابطہ کار بین الاسلامی امور قاری عبدالرحمان نورزئی اور دیگر نے کہا ہے کہ کونسل امت مسلمہ کے سیاسی، علمی اور معاشی اختلافات کا حل تلاش کرے گی۔ پریس کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ مسلمانوں کے ملکی، سیاسی اور تجارتی معاملات میں بیرونی مداخلت اختلافات کی وجہ ہے، کونسل قرآن و سنت کی بنیاد پر مضبوط اسلامی اتحاد قائم کرنے کے لئے جدوجہد کرے گی۔ مقررین نے کہا کہ کونسل کے ذریعے پاکستان کی داخلہ بحرانی صورتحال پر شرعی موقف دیا جائے گا، کونسل کسی سیکولر، قوم پرست اور لبرل سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی۔ مقررین نے کہا کہ لاعلم حکمران ٹولہ اور کمزور نظام عدل کی وجہ سے پاکستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کا فقدان ہے، علماء کرام ، مذہبی اور وکلاء رہنماؤں نے فلسطین میں اسرائیل اور کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت بھی کی۔
 


خبر کا کوڈ: 771956

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/771956/بلوچستان-میں-مذہبی-جماعتوں-پر-مشتمل-متحدہ-اسلامی-انقلابی-کونسل-قائم-کرنے-کی-تجویز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org