0
Monday 14 Jan 2019 13:32

ذہنی بیماری میں مبتلا قتل کے مجرم سابق پولیس افسر کو پھانسی دینے سے گریز کیا جائے، اقوام متحدہ

ذہنی بیماری میں مبتلا قتل کے مجرم سابق پولیس افسر کو پھانسی دینے سے گریز کیا جائے، اقوام متحدہ
اسلام ٹائمز۔انسانی حقوق کی مقامی اور عالمی تنظیموں کے علاوہ اقوام متحدہ کے ماہرین نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ ذہنی بیماری میں مبتلا قتل کے مجرم سابق پولیس افسر کو پھانسی دینے سے گریز کیا جائے۔ خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سپریم کورٹ نے گزشتہ روز خضر حیات کی سزائے موت پر عمل درآمد روک دی تھی۔ خضرحیات نے 2003ء میں اپنی ساتھی پولیس اہلکار کو قتل کردیا تھا۔ اس سے قبل لاہور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ذہنی مرض شیزوفرینیا (جس میں مریض کی شخصیت بے ربط، منتشر ہوجاتی ہے) میں مبتلا سزائے موت کے قیدی خضر حیات کو تختہ دار پر لٹکانے کی تاریخ 15 جنوری مقرر کی۔ جسٹس پروجیکٹ پاکستان نامی غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سپریم کورٹ آج خضرحیات کی موت سے متعلق سماعت میں فیصلہ کرے گی۔

اقوام متحدہ کی ماہر برائے ماورائے عدالتی قتل اینجی کالامرڈ اور معذور افراد کے حقوق کی خصوصی نمائندہ کیٹیالینا ڈیونڈاس نے کہا کہ ذہنی بیماری میں مبتلا شخص کی سزائے موت کا فیصلہ پاکستان کے عالمی قوانین کے منافی ہے۔ اقوام متحدہ کے ماہرین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ خضر حیات کی سزائے موت پر عمل درآمد روکے۔ خیال رہے کہ خضرحیات قتل کے جرم میں 15 برس سے زائد عرصہ جیل میں کاٹ چکا ہے اور 2012ء سے انہیں قید تنہائی میں رکھا گیا۔ ماہرین نے بتایا کہ دوران سماعت خضر حیات کے دفاع میں کوئی شواہد اور گواہ پیش نہیں کیے گئے اور نہ ہی اس کی ذہنی بیماری سے متعلق سوالات پوچھے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بعدازاں بیماری کی تشخیص کے بعد خضرحیات گزشتہ 10 برس سے زیر علاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریض کی ایسی حالات میں سزائے موت پر علمدرآمد غیرقانونی اور یکطرفہ پھانسی کے مترادف ہے جوکہ غیرانسانی اور ظالم ہے۔ ماہرین نے بتایا کہ حکومتی ڈاکٹروں نے 2008ء میں خضرحیات کو شیزوفرینیا کے مرض میں مبتلا پایا اور 6 دسمبر 2018ء کو ذہنی مریض کو بحالی صحت مرکز منتقل کرنے کی پٹیشن بھی دائر کی گئی۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے گزشتہ روز سزائے موت کے منتظر مبینہ ذہنی مریض خضر حیات کی پھانسی تاحکم ثانی معطل کر دی تھی۔
خبر کا کوڈ : 771969
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش