0
Tuesday 7 Jun 2011 00:07

نواز لیگ تنہا ہو چکی ہے اس لئے چاروں صوبوں میں گروہی سیاست شروع کر دی ہے، بابر اعوان

نواز لیگ تنہا ہو چکی ہے اس لئے چاروں صوبوں میں گروہی سیاست شروع کر دی ہے، بابر اعوان
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے بجٹ اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کی طرح جمہوریت اور پارلیمانی روایات کو داغدار کرنے کی بجائے حکومت کو جمہوری انداز سے جواب دے گی، پنجاب دنیا کا واحد انتظامی یونٹ ہے جس کا بجٹ وزیر خزانہ کی عدم دستیابی اور پارلیمنٹیرینز کی مشاورت کے بغیر بنایا گیا ہے اس کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا جانا چاہیے، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے درخواست کرتے ہیں کہ آپ مسلم لیگ (ق) کے لوٹے واپس کر دیں، پیپلزپارٹی آپ کا بجٹ بھی پاس کروائے گی اور حکومت کو بھی ڈی ریل نہیں ہونے دے گی، مسلم لیگ (ن) تنہا ہو چکی ہے اس لئے چاروں صوبوں میں گروہی سیاست شروع کر دی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی پری بجٹ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر بابر اعوان کا پنجاب اسمبلی کے باہر پنجاب میں پیپلزپارٹی کے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض، پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر ذوالفقار گوندل اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسرا سمیت پی پی پی کے صوبائی اسمبلی کے اراکین نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا، اس کے بعد پارلیمانی پارٹی کا پری بجٹ اجلاس ہوا، جس میں بجٹ کے حوالے سے اور بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کے کردار کے بارے میں غور کیا گیا اور لائحہ عمل تیار کیا گیا۔
اجلاس میں ڈاکٹر بابر اعوان نے صدر مملکت آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام بھی اراکین صوبائی اسمبلی تک پہنچایا، جس میں کہا گیا تھا کہ آ پ لوگوں نے مسلم لیگ (ن) کے کردار کو نہیں دیکھنا بلکہ آپ نے جمہوری اور پارلیمانی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے دنیا کو ایک مثبت تاثر دینا ہے، ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے چوڑیاں گروپ نے غیر مہذب، غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی رویہ اختیار کر کے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو داغدار کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے اس غیر پارلیمانی رویے کے بعد ہمارے اوپر دباﺅ تھا کہ ہم بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دیں، لیکن ہماری قیادت نے فیصلہ کیا کہ ہم نے وہ کردار جو مسلم لیگ (ن) نے ادا کیا ادا نہیں کرنا، ہم نے اپنی طرف سے جمہوری اور پارلیمانی روایات کی پابندی کرتے ہوئے دنیا کو ایک جمہوریت پسند تاثر دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبائی بجٹ تقریر خاموشی سے سنیں گے، تاہم اپنے تحفظات کا جمہوری انداز سے برملا اظہار کریں گے، تاہم پی پی پی والے ایک جمہوری پارٹی کے ارکان ہونے کے ناطے سے ہلڑ بازی اور شور شرابے سے کام نہیں لیں گے، کیونکہ یہ ہمارا شیوا نہیں، جن کا تھا ان کو قوم اور پور ی دنیا نے واضح طور پر دیکھ لیا ہے۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ اس حوالے سے میری چوہدری برادران سے بات ہوئی ہے، وہ بھی اس بات پر متفق ہیں کہ صوبائی بجٹ اجلاس کے دوران ہلڑ بازی اور شور شرابے کی بجائے جمہوری اور پارلیمانی روایات کو برقرار رکھا جائے، سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب دنیا کا واحد انتظامی یونٹ ہے جس کا بجٹ بغیر وزیر خزانہ کے تیار کیا گیا ہے، صرف یہ ہی نہیں ظلم یہاں تک کہ اس صوبے کے منتخب نمائندوں سے بھی مشاورت تک نہیں کی گئی، انہوں نے کہا کہ دنیا کے اس منفرد یونٹ کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ضرور شامل ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ پنجاب میں مشورے کا رواج نہیں رہا ہے، من پسند لوگوں کی تجاویز سے من پسند بجٹ تیار کیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف صوبے کی عوام سے مخلص ہوتے تو وہ حکیم کی بجائے حقیقی نمائندوں سے مشاورت کرتے، لیکن انہوں نے تو ایک ایسا حکیم رکھا ہوا ہے جو بیک وقت بیس کام سرانجام دیتا ہے، یعنی دوسروں کے پاس ٹو ان ون ہوتے ہیں لیکن وزیراعلیٰ پنجاب کی قسمت کہ ان کے پاس ٹونٹی ان ون موجود ہے۔ 
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ بغیر وزیر خزانہ کا بجٹ اندھیرے میں تیار شدہ ہیر پھیر کا بجٹ ہو گا، اپنے تحظات جمہوری روایات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پوری شدت کے ساتھ پیش کریں گے اور مسلم لیگ (ن) کو بتائیں گے کہ کس طرح جمہوری روایات کے مطابق عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بجٹ 2011-12 کی غلطیاں ٹھیک کریں گے، انہوں نے کہا کہ کسی پارٹی کے منتخب اراکین پر قبضہ پولنگ اسٹیشنوں پر قبضہ سے بڑی دھاندلی ہے، اس لئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسلم لیگ (ق) کے لوٹے واپس کر دیں، پیپلز پارٹی آپ کا بجٹ بھی پاس کروائے گی اور آپ کی حکومت کو بھی ڈی ریل نہیں ہونے دے گی، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور ہم نے اس بات کا تہیہ کر رکھا ہے کہ چاروں صوبوں کی منتخب حکومتوں کے 5 سال ہر حالت میں پورے کروائیں گے اور 80ء اور 90ء کی سیاست کو پھر سے ترویج نہیں پانے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر انگلیاں اٹھانے والوں کو معلوم ہونا چاہیے موجودہ جمہوری حکومت نے جتنے کام کیے ہیں آج تک کوئی جمہوری حکومت نہیں کر سکی، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے دور اقتدار میں امریکی ہیلی کاپٹر پاکستان میں آئے اور ایمل کانسی کو اغواء کر کے لے گئے، اس پر کوئی کمیشن نہیں بنایا گیا اور کسی کو پارلیمنٹ کے سامنے پیش نہیں کیا گیا، لیکن ہمارے دور حکومت میں دو دفعہ عسکری حکام کو اس قسم کے واقعات پر پارلیمنٹ کے سامنے دو دفعہ پیش کیا گیا اور جواب طلبی کی گئی، ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تنہائی میں بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اور اب وہ گروہی سیاست پر اتر آئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 77198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش