QR CodeQR Code

کوئٹہ، مغوی نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی اہلیہ کا خودسوزی کا اعلان

14 Jan 2019 16:03

ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی اہلیہ نے الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر کی بازیابی کے لئے کچھ نہیں کیا جا رہا، تسلی تو دور کی بات ہے حکومتی عہدیدار ہمارے فون بھی نہیں اٹھاتے، ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کے مغوی نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی عدم بازیابی پر ان کے اہلخانہ شدید پریشانی کا شکار ہیں اور ان کی اہلیہ نے عدم بازیابی کی صورت میں بچوں کے ہمراہ وزیراعلٰی ہاؤس کے سامنے خود سوزی کا اعلان کر دیا ہے۔ مغوی نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی اہلیہ نے میڈیا کو بتایا کہ ایک ماہ سے زائد عرصہ کے باوجود ان کے شوہر کو بازیاب نہیں کرایا جا سکا، ان کی عدم بازیابی پر انہیں شدید تشویش ہے۔ ان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈاکٹر صاحب کی زندگی کے بارے میں تشویش لاحق ہو گئی ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ ایک بار ان کے گھر آئے، اس کے علاوہ کسی حکومتی عہدیدار نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔ ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی اہلیہ نے الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر کی بازیابی کے لئے کچھ نہیں کیا جا رہا، تسلی تو دور کی بات ہے حکومتی عہدیدار ہمارے فون بھی نہیں اٹھاتے، ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ان کےشوہر کو جلد بازیاب نہ کرایا گیا تو وہ اپنے بچوں کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے خودکشی کرلیں گی۔
 


خبر کا کوڈ: 772019

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/772019/کوئٹہ-مغوی-نیورو-سرجن-ڈاکٹر-ابراہیم-خلیل-کی-اہلیہ-کا-خودسوزی-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org