0
Monday 14 Jan 2019 22:31

مدارس پر دہشتگردی کی ذمہ داری عائد کرنے کا پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد

مدارس پر دہشتگردی کی ذمہ داری عائد کرنے کا پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد
اسلام ٹائمز۔ حکومت ریاست مدینہ کے قیام کے خواب کو عملی تعبیر دینے میں کوشاں ہے، پاکستان دشمن طاقتیں ملکی سلامتی داؤ پر لگانے پر تلی بیٹھی ہیں، اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنانا ہر محب وطن پاکستانی کی ذمہ داری میں شامل ہے، ملکی دفاع اور تحفظ کے لئے پاک فوج نے ناقابل فراموش قربانیاں دیں، پاک فوج ملکی سلامتی کی ضامن ثابت ہوئی ہے، ملک میں قیام امن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے علمائے کرام کو آگے آنا ہوگا، مدارس تبلیغ اسلام کے مرکز ثابت ہوئے ہیں، مدارس کے مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی، ان خیالا ت کا اظہار خطیب بادشاہی مسجد لاہور علامہ عبدالخبیر آزاد نے مرکزی دارالعلوم عیدگاہ میں مجلسِ علمائے پاکستان اور دارالعلوم عیدگاہ کے اشتراک سے منعقدہ پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کی صدارت مہتمم دارلعلوم عیدگاہ مولانا ارشاد احمد نے کی۔

اپنے خطاب میں مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملکی سلامتی، دفاع اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پاک فوج کی خدمات تاریخ پاکستان کا حصہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے میں مدارس پاکستان نے ہمیشہ سے ہی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان میں علمائے دیوبند نے قربانیاں دیں، جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدارس پر دہشت گردی کی ذمہ داری عائد کرنے کا پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے، کیونکہ دینی مدارس نے ہمیشہ ملکی سلامتی اور تحفظ کے لئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے، سیمینار سے مفتی حامد حسن، مہر عبدالخالق مرالی، صدر پریس کلب حفیظ سعیدی، سید فرخ رضا ترمذی، ملک عمر طارق سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، بعدازاں مولانا عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں مجلس علمائے پاکستان کے زیراہتمام استحکام پاکستان ریلی نکالی، اس دوران شرکاء ریلی نے پاک فوج زندہ باد اور دہشت گردی مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
خبر کا کوڈ : 772040
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش