0
Monday 14 Jan 2019 22:45

ملک میں ایڈز متاثرین کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی

8 بڑے شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق
ملک میں ایڈز متاثرین کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس وقت ایڈز کے ڈیڑھ لاکھ مریض موجود ہیں جبکہ بیشتر کا ریکارڈ ہی موجود نہیں ہے۔ وزرات صحت نے ایوان میں رپورٹ جمع کرائی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا کہ وزارت صحت کے پاس ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد مریضوں کا ریکارڈ ہی نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں سات ہزار 119، وفاق میں 12 سو 49، سندھ میں 41 سو 49، خیبر پختونخوا (کے پی) میں 23 سو 70 اور صوبہ بلوچستان میں پانچ سو 13 ایڈز کے مریض زیر علاج ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے تاہم وہاں گیارہ ہزار 396 مریض رجسٹرڈ ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں میں صوبہ سندھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ وہاں آٹھ ہزار 70 مریضوں کا ریکاڑد موجود ہے۔ اسی طرح بلوچستان میں 768 ایڈز کے مریض رجسٹرڈ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 15 ہزار 390 ایڈز کے مریضوں کو علاج کی ضرورت ہے۔

ایڈز کی طرح ایک اور مہلک بیماری پولیو سے بھی پاکستان تاحال جان نہیں چھڑا پایا ہے اور تمام تر کوششوں کے باوجود ملک کے 8 شہروں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ پاکستان میں انسداد پولیو پروگرام کے ترجمان بابر بن عطا نے انکشاف کیا ہے کہ ملک کے 8 بڑے شہروں کے گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جن میں شہروں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں کراچی، پشاور، بنوں، لاہور، راولپنڈی، قلعہ عبداللہ، پشین اورکوئٹہ شامل ہیں۔ بابر بن عطا کا کہنا ہے کہ گٹر کے پانی میں وائرس کی تصدیق نشاندہی کرتی ہے کہ بچوں کو پولیو کا خطرہ ابھی بھی موجود ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ 21 جنوری کو شروع ہونے والی پولیو مہم میں اپنے بچوں کو پولیو قطرے ضرور پلائیں۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا قومی فریضہ ہے۔ انسداد پولیو پرگرام کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ چکے ہیں والدین کو بھی چاہیے کہ اپنا کردار ادا کریں۔ یاد رہے کہ چند روز قبل ڈائریکٹر جنرل عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیڈروس نے اسلام آباد کے دورے کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کو ہمیشہ کے لیے پولیو سے پاک کرنے کا وقت آگیا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 772078
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش