0
Tuesday 15 Jan 2019 07:16

ہم پیپلزپارٹی کے ساتھ ہونیوالے رویے سے ناخوش ہیں، رانا ثناء اللہ

ہم پیپلزپارٹی کے ساتھ ہونیوالے رویے سے ناخوش ہیں، رانا ثناء اللہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ فیصلے بولتے ہیں اور خود بتاتے ہیں کہ وہ میرٹ پر ہیں۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے ايون فيلڈ ريفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کالعدم قرار دینے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپيل خارج کردی ہے۔ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ فیصلے بولتے ہیں اور خود بتاتے ہیں کہ وہ میرٹ پر ہیں، ہمیں یہ کہنے کی اجازت بھی نہیں کہ نوازشریف مظلوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو دن قبل نوازشریف سے جیل میں ملا ہوں اور وہ اپنے بیانیے پر پوری طرح قائم ہیں، اس وقت نہ ہم کوئی تحریک چلانے جارہے ہیں نہ ہی الیکشن ہونے والے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم پارلیمنٹ میں بیٹھ چکے ہیں اور جو کہنا ضروری ہے وہ کہہ رہے ہیں، ہم اپنے بیانیے پر قائم ہیں،بے وقت کی راگنی سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم پیپلزپارٹی کے ساتھ ہونیوالے رویے سے ناخوش ہیں، اگر کل دوبارہ عوامی رابطے کی ضرورت ہوتی ہے تو ہم اپنے بیانیے کو سامنے رکھیں گے۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے گزشتہ برس 6 جولائی کو سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 10 سال قید اور جرمانے، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال قید اور جرمانے جبکہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی، جسے بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 19 ستمبر کو معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نواز شريف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کے خلاف نيب نے سپريم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 772113
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش