0
Tuesday 15 Jan 2019 12:25

جمہوریت کے بغیر پاکستان کا وجود قائم نہیں رہ سکتا، جمہوریت ہی ہماری منزل ہونی چاہیئے، جاوید ہاشمی

جمہوریت کے بغیر پاکستان کا وجود قائم نہیں رہ سکتا، جمہوریت ہی ہماری منزل ہونی چاہیئے، جاوید ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا میاں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت کی منسوخی کے لئے نیب کے موقف کو مسترد کرنے سے سیاسی منظر واضح ہوگیا ہے۔ سیاسی، آئینی اور قانونی جدوجہد کی کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے، پاکستان کی سیاست کا ایک نیا باب کھل گیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ میں شروع سے ہی کہہ رہا ہوں کہ نیب ایک سیاسی شکنجہ ہے، جس کے ذریعے پاکستان کے آئین کو کھلواڑ بنا دیا گیا ہے، سیاسی جماعتیں توڑی اور نئی بنائی جاتی ہیں، نیب کے فیصلوں سے دس سال پرویز مشرف نے حکومت کی اس کے خلاف میاں نواز شریف نے واضح موقف اختیار کیا، جس کو ہماری مقتدر قوتوں نے اپنے عمل میں مداخلت سمجھا، نواز شریف کی حکومت کو توڑنے کے لئے عدالتوں کا استعمال کیا گیا، یہ عمل جمہوری قوتوں کے لئے حوصلہ شکن عمل تھا، اس عمل میں جن سیاسی قوتوں نے مقتدر حلقوں کا ساتھ دیا ان کو اقتدار کے سنگھاسن پر بٹھا دیا گیا، ایک مصنوعی ڈھانچے کے ذریعے آئین کے پڑخچے اڑا دیئے گئے۔

اس بات پر نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز لائق تحسین ہیں کہ انہوں نے ہمت اور حوصلے سے ان تمام قوتوں کو شکست دی، جو آئین کو ہمیشہ کے لئے دفن کرکے پاکستان کی بنیادیں ہلانے کے لئے تیار ہوگئے تھے، آج نواز شریف کی جدوجہد کا ایک مرحلہ طے ہوگیا ہے، اب جمہوریت میں ایمان رکھنے والی قوتوں کو اس سے تقویت پہنچے گی، ملک پر بے یقینی کی جو کیفیت تھی، وہ مکمل طور پر ختم تو نہیں ہوئی مگر اب نواز شریف اور مریم نواز قید و بند کی زنجیروں کے باوجود پابہ زنجیر رہ کر بھی منزل کی طرف ایک مرحلہ طے کر لیا ہے۔ میں اس پر پوری قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ میاں نواز شریف کی جدوجہد میں اپنا حصہ ڈالیں، کیونکہ جمہوریت کے بغیر پاکستان کا وجود قائم نہیں رہ سکتا، جمہوریت ہی ہماری منزل ہونی چاہیئے، اس کا احساس تمام اداروں کو کر لینا چاہیئے کہ وہ اگر اپنی حدود میں نہ رہے تو ایسا قدم قوم سے غداری اور ملک سے دشمنی کے مترادف ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 772160
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش