0
Tuesday 15 Jan 2019 17:18
مراد علی شاہ اومنی گروپ کے چراغ کا جن ہیں، پارٹی قیادت کو کہتے ہیں کیا حکم ہے میرے آقا

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ خود مستعفی نہیں ہوئے تو ہم تبدیل کر دینگے، فواد چوہدری

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ خود مستعفی نہیں ہوئے تو ہم تبدیل کر دینگے، فواد چوہدری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ خود مستعفی ہو جائیں، ورنہ ہم تبدیل کر دیں گے۔ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مراد علی شاہ اومنی گروپ کے چراغ کا جن ہیں، وہ اپنی پارٹی قیادت کو کہتے ہیں، کیا حکم ہے میرے آقا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کے 3 صوبوں نے تبدیلی کی لہر دیکھی ہے، سندھ کے عوام کا بھی حق ہے کہ وہ تبدیلی دیکھیں، ہر وہ شخص جس کے دل میں سندھ کے عوام کا درد ہے، وہ تبدیلی چاہتا ہے، پیپلز پارٹی کے سنجیدہ لوگ بھی تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی خود سندھ میں تبدیلی لے آئے، مراد علی شاہ استعفیٰ دیں، اگر ایسا نہ ہوا تو حکومت عملی اقدامات اٹھائے گی اور پیپلز پارٹی کی اکثریت ہمارا ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں حکومت کی تبدیلی کیلئے فارورڈ بلاک بنائیں گے اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ہم سے رابطے میں ہیں، ہم سندھ کے لوگوں کو حوصلہ دینے آئے ہیں،  ہم نظام کو سپورٹ کرتے ہیں مگر تبدیلی ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلاول کو چیف جسٹس نے کہا ہے کہ وہ بچے ہیں اور بچے غیر سیاسی ہوتے ہیں، ان کے پاپا اور پھوپھی نے سندھ کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ پر قبضہ کیا ہوا ہے، سندھ کے عوام کا پیسہ دبئی اور لندن میں خرچ ہو رہا ہے، سندھ ترقی میں پورے پاکستان سے پیچھے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کی ٹانگیں کمزور ہوتی ہیں، وہ گھبراتے ہیں، سندھ کا بُرا حال ہے، اسپتالوں میں ڈاکٹرز نہیں ہیں، اسکولوں میں استاد نہیں ہیں اور اگر استاد ہیں تو فرنیچر نہیں، مراد علی شاہ کے حلقہ انتخاب کے حالات دیکھیں، ترقیاتی کاموں کیلئے ملنے والے اربوں روپے کہاں گئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا حشر نشر ہوگیا، لیکن ترقیاتی کاموں کیلئے پیسے نہیں، جتنا پیسہ سندھ کو ملا، اگر جائز خرچ ہوتا تو آج یہ گلے شکوے نہ ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو پیٹرول کی کیا قیمت تھی، مہنگائی بڑے لوگوں کے لئے آئی ہے،  حکومت 5 سال پورے کرے گی اور وفاق کی کمپنیوں کے زریعے منصوبے مکمل کریں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ نئی ایڈورٹائزنگ پالیسی لے کر آ رہے ہیں، جس میں اشتہارات کو تنخواہوں کی ادائیگی سے منسلک کر دیں گے، اشتہارات کے بقایاجات کی مد میں 50 کروڑ جاری کر دیئے ہیں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اب پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی پارٹی نہیں بچی، کیونکہ باقی سارے تو جیلوں میں ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نیب کیس سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ نیب نے وزیراعظم عمران خان پر 27 لاکھ روپے کا ایک بے تکا کیس بنایا ہوا ہے، نیب کو ہیلی کاپٹر کیس پر وزیر اعظم سے معافی مانگنی چاہیے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بڑی بڑی باتیں کرنے والے پیپلز پارٹی کے رضا ربانی بڑے مزدور رہنما بنتے ہیں، وہ 27 سال سے سینیٹر ہیں، ابھی میں اور وہ ایک ساتھ طیارے میں سفر کر رہے تھے، وہ بزنس کلاس میں سب سے آگے بیٹھے تھے، جبکہ میں طیارے کی اکنامی کلاس میں سفر کرکے آیا ہوں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 25 جنوری کو سندھ کا دورہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 772252
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش