0
Tuesday 15 Jan 2019 20:13

نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں نے پرانا بھی تباہ کر دیا ہے، شاہ اویس نورانی

نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں نے پرانا بھی تباہ کر دیا ہے، شاہ اویس نورانی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ شریف خاندان کے حق میں سپریم کورٹ کا تازہ فیصلہ خوش آئند ہے، نواز، مریم اور صفدر کی سزا معطلی کیخلاف نیب کی اپیل مسترد ہونا انصاف کی فتح ہے، پی ٹی آئی الزام اور انتقام کی سیاست کر رہی ہے، سندھ حکومت کیخلاف وفاقی حکومت کی سازشیں غیر جمہوری طرز عمل ہے، ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے سندھ میں حکومت تبدیل کرنے کی کوششیں بند کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور سندھ کی محاذ آرائی سے ملک سیاسی عدم استحکام کا شکار ہوگا، علیمہ خان کے غیر ملکی اثاثوں کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے، کرپشن فری پاکستان کیلئے حکومتی شخصیات کا احتساب ضروری ہے، ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام مشکلات سے دوچار ہے، نئے منی بجٹ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، بار بار منی بجٹ پیش کرنا حکومت کی نااہلی ہے۔

جے یو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانا موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں، نااہل حکومت نے چار ماہ میں ملک آئی سی یو میں پہنچا دیا ہے، وزیراعظم کا پارلیمنٹ میں نہ آنا غیر جمہوری رویہ ہے، اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کی کوششیں آخری مرحلے میں ہیں۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ نیب کا جانبدارانہ طرز عمل کھل کر سامنے آ چکا ہے، وفاقی وزراء کی بڑھکوں سے سیاسی انتشار و فساد میں اضافہ ہو رہا ہے، عوام چار ماہ میں ہی پی ٹی آئی کی حکومت سے مایوس اور بیزار ہو چکی ہے، پاکستان کی نظریاتی اساس کیخلاف سازشیں کی جا رہی ہیں، نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں نے پرانا بھی تباہ کر دیا ہے۔ دینی قوتوں کو دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے۔ عاشقان رسول ناموس رسالت کے تحفظ کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہماری سیاست اقتدار نہیں نظام مصطفے کے لئے ہے۔ نظام مصطفے کے نفاذ کے بغیر پاکستان کو ریاست مدینہ کا عکس نہیں بنایا جا سکتا۔
 
خبر کا کوڈ : 772274
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش