0
Wednesday 16 Jan 2019 11:29

ہنگو میں فورسز کا آپریشن، کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 4 دہشتگرد ہلاک

ہنگو میں فورسز کا آپریشن، کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 4 دہشتگرد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ قاضی پمپ کے قریب سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت چار دہشت گرد مارے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے ہلاک دہشت گرد دھماکے اور دیگر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کا ضلع ہنگو میں قاضی پمپ کے قریب سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن زیر تعمیر جیل کے قریب خفیہ اطلاع پر کیا گیا، ہلاک کمانڈر دھماکے اور دیگر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا، دیگر ہلاک دہشت گردوں میں کمانڈر اسلام، لائق محب اللہ اور شاہد شامل ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد کمانڈر اسلام، کلایہ بم دھماکے سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ گذشتہ روز سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کوگرفتار کرلیا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کے قبضے سے تیار خودکش جیکٹ، بم بنانے کا سامان اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیا گیا۔ گرفتار ملزم افغان شہری ہے جو غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھا۔ اس سے قبل 11 جنوری کو بھی آپریشن ردالفساد کے تحت ایف سی بلوچستان نے قلات، خاران اور مائی وند میں مشتبہ ٹھکانوں پر کارروائی کی تھی، آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ گولہ بارود برآمد ہوا، ہتھیاروں میں سب مشین گنیں، گرنیڈ، مائنز، آر پی جی سیون راکٹ شامل ہیں جبکہ مواصلاتی آلات بھی برآمد کئے گئے۔ خیال رہے چند روز قبل سیکورٹی فورسز نے لورالائی میں ایف سی کے تربیتی مرکز کے رہائشی علاقے پر حملے کی کوشش نا کام بنا دی تھی، جس میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 4 اہل کار شہید ہو گئے تھے، شہید ہونے والے جوانوں میں صوبیدار میجر منور، حولدار اقبال، حولدار بلال اور سپاہی نقشب شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 772361
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش