0
Wednesday 16 Jan 2019 21:14

سندھ تبدیلی کے دھانے پر پہنچ چکا، وزیراعلیٰ کو تبدیل کر دینگے، فواد چوہدری

سندھ تبدیلی کے دھانے پر پہنچ چکا، وزیراعلیٰ کو تبدیل کر دینگے، فواد چوہدری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کا سندھ میں کوئی مستقبل نہیں، سندھ اب تبدیلی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، بہت جلد یہاں تبدیلی لیکر آئیں گے، پیپلز پارٹی خود مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے سے نہیں ہٹاتی، تو وزیراعظم عمران خان فیصلہ کریں گے کہ غبارے سے ہوا کب نکالنی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات آج کل کراچی کے دورے پر ہیں، مبصرین کا خیال ہے کہ تحریک انصاف دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر سندھ میں پیپلز پارٹی کو پیچھے دھکیل کر اپنی صوبائی حکومت قائم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، اسی مشن کے تحت گزشتہ روز فواد چوہدری نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز جاکر رہنماؤں سے ملاقات کی اور ان کو یقین دلایا ہے کہ تحریک انصاف کو قدم قدم پر ایم کیو ایم کی ضرورت پڑے گی۔

کراچی میں دوسرے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے ایک بار پھر اپنی توپوں کا رخ پیپلز پارٹی کی طرف موڑتے ہوئے کہا کہ سندھ میں حکمران جماعت کا مستقبل تاریک ہے، سندھ تبدیلی کے دھانے پر پہنچ چکا، بہت جلد یہاں وزیراعلیٰ کو تبدیل کر دیں گے، اتحادی جماعتوں کے تعاون سے سندھ میں تبدیلی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خود تبدیل کرے، پیپلز پارٹی خود مراد علی شاہ کو نہیں ہٹاتی، تو وزیراعظم عمران خان فیصلہ کریں گے کہ غبارے سے ہوا کب نکالنی ہے، کراچی میں ملاقاتوں کے نتیجے میں وزیراعلیٰ سندھ کے جانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں (ن) لیگ کا جو حال ہوا ہے، وہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا ہونے جا رہا ہے، نواز شریف کے بعد آصف زرداری کا سیاسی کیریئر بھی خاتمے کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دور گیا کہ جب فنڈز چھو منتر سے دبئی چلے جاتے تھے، اب سندھ کے فنڈز وہاں کے عوام پر خرچ کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے سندھ میں گورنر راج کی کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوری دور ہے، سندھ میں گورنر راج کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی کیلئے آئینہ راستہ اختیار کریں گے، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کون سا آئینی راستہ اختیار کیا جائے گا۔ انہون نے کہا کہ ایم کیو ایم ہماری اتحادی جماعت ہے، کراچی میں ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں، اس حوالے سے رپورٹ وزیراعظم کو بھیجی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کو اکھاڑا بنانے پر تشویش ہے، اسمبلی میں اپوزیشن نے بدعنوانی بحالی کا اتحاد بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سندھ ابھی فائنل نہیں ہوا، کراچی کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 772487
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش