QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کے بجٹ میں اضافہ کرینگے، اسد عمر کی گورنر جی بی کو یقین دہانی

16 Jan 2019 23:13

گورنر جی بی نے وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات کی، راجہ جلال نے اسد عمر سے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے مسائل اور معاملات میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے جلد از جلد انہیں حل کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کی، ملاقات میں گلگت بلتستان کے اہم مسائل اور معاملات پر گفت و شنید ہوئی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے گورنر جی بی کو یقین دہانی کرائی کہ گلگت بلتستان کے بجٹ میں کوئی کٹوتی نہیں ہوگی بلکہ کوشش ہوگی کہ علاقائی ضروریات اور صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔ گلگت بلتستان میں مختلف محکموں میں اسامیوں کی تخلیق اور اسامیوں کو اپ گریڈ کرنے کی جلد منظوری دی جائے گی۔ ملاقات میں گورنر گلگت بلتستان نے خطے کے مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور وفاقی وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے مسائل اور معاملات میں ذاتی دلچسپی لیں اور انہیں جلد از جلد حل کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے تحت نئی گاڑیوں کی خریداری کے لئے این او سی جلد جاری کرینگے، تاکہ منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھ سکے، گلگت بلتستان حکومت کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کی دوسری قسط بھی جلد ریلیز کر دی جائے گی، تاکہ ترقیاتی پروگرام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو، وفاقی حکومت جی بی میں جاری ترقیاتی پروگراموں کے لئے بھی فنڈز ریلیز کریگی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے گورنر گلگت بلتستان کو اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ حکومتی فنڈز کمرشل بنکوں میں رکھنے کے لئے فی الفور اقدامات کئے جائیں گے، تاکہ گلگت بلتستان میں روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔


خبر کا کوڈ: 772502

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/772502/گلگت-بلتستان-کے-بجٹ-میں-اضافہ-کرینگے-اسد-عمر-کی-گورنر-جی-بی-کو-یقین-دہانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org