0
Thursday 17 Jan 2019 23:45

ملک لوٹنے والا ٹولہ اپنے بچاؤ کے لئے سرجوڑ کر بیٹھ گیا ہے، حلیم عادل شیخ

ملک لوٹنے والا ٹولہ اپنے بچاؤ کے لئے سرجوڑ کر بیٹھ گیا ہے، حلیم عادل شیخ
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے سندھ میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان لوٹنے والا ٹولہ وفاقی حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، پاکستان کے مسائل پر اکٹھے ہونے کے بجائے سارے چور اپنے بچاؤ کے لئے اکٹھے ہوگئے ہیں، ان تمام چوروں کا اکٹھا ہونا یہ بات ثابت کرتا ہے کہ ملک میں اب ایک ایماندار تھانے دار آ چکا ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ والے چاہتے ہیں کہ ہم ان کی کرپشن کی داستانیں عوام کو سنانا بند کردیں، پی پی اور ن لیگ والوں نے جب بھی آپس میں سر جوڑے ہیں ملک میں افراتفری اور بحرانوں نے ہی جنم لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف سندھ کے میڈیا سیل سے جاری ہونے والے بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے خلاف تحریکیں شروع کرنے والے اپنے بچاؤ کا سوچ لیں تو ان کے لئے زیادہ بہتر ہوگا، وفاقی حکومتوں کی پالیسیوں کی سمت درست ہے، سابقہ حکومت نے اس قدر بگاڑ اور پریشانیوں کے پہاڑ کھڑے کئے تھے جن کو سر کرنا آسان کام نہیں ہے، اس کے باوجود عوامی مشکلات کے خاتمے کے لئے تحریک انصاف تیزی سے کام کر رہی ہے اور جو سندھ حکومت کے کرنے کے کام ہیں وہ بھی ہم ہی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم بے وقوف نہیں ہے، وہ جانتی ہے کہ ملک کے حالات سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے خراب ہوئے، احتساب بلاتفریق ہو رہا ہے مگر جو چور ہیں چیخیں صرف ان ہی کی سنائی دے رہی ہیں، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی محاذآرائی کی سیاست کو فروغ دے کر ملک میں بے چینی پیدا کر رہی ہے، ورنہ کل کے دشمن آج بھائی بھائی کیسے بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں دنیا نے یہ دیکھا کہ جن جن لوگوں نے ملک کو لوٹا اور قومی خزانے کو لوٹا آج وہ سب اپنے بچاؤ کے لئے ایک دوسر ے کا ساتھ دے رہے ہیں، وزیراعظم اور ان کی ٹیم ملک میں بڑے بڑے چیلجنز اور امتحانوں سے گزر کر ملک کو اب تیزی ترقی کی جانب لے کر جارہی ہے، زرداری اور نواز کی جوڑی اکٹھا ہونا ملک کے لئے نہیں بلکہ اپنے لوٹ مار کے پیسے کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے وسائل میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی اور نہ ہی پیسے روکے جائیں گے۔

حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کا بجٹ سندھ کی عوام پر خرچ ہونا چاہیئے نہ کہ انور مجید جیسوں پر لٹایا جائے، فواد چوہدری تحریک انصاف کے ہر دلعزیز رہنماء ہیں، فواد چوہدری سندھ کے اراکین بشمول کارکنوں کے دلوں میں بستے ہیں، پیپلز پارٹی کے رہنماء عوام کے لئے نہیں اپنی کرپشن کے لئے فنڈ کا رونا رو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی کے دور حکومت میں 391 ارب روپے واپس ہوگئے، جعلی اکاؤنٹس اومنی گروپ کی جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی ہے، علیمہ خان سپریم کورٹ میں پیش ہوکر اپنی منی ٹریل دے چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اربوں روپے کے فنڈ ہونے کے باوجود سندھ کی عوام کو صحت کی سہولیات میسر نہیں، ایسے وزراء کو شرم آنی چاہیئے جو شوکت خانم پر بیان بازی کرتے ہیں، شوکت خانم ہسپتال 75 فیصد عوام کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 772680
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش