QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کیلئے وہاں کے عوام کی امنگوں سے بڑھ کر کام کرینگے، ڈاکٹر عارف علوی

18 Jan 2019 00:50

تحریک انصاف گلگت بلتستان کے رہنما حشمت اللہ خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ صدر منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ جی بی کا نجی دورہ کرنے کا مقصد بھی یہی تھا کہ وہاں کے عوام کے مسائل سنوں۔


اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کیلئے وہاں کے عوام کی امنگوں اور امیدوں سے بڑھ کر کام کرینگے، سابق حکومتوں نے گلگت بلتستان کو یکسر نظر انداز کیا، صدر منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ نجی دورہ کرنے کا مقصد بھی یہی تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام سے ان کے مسائل سنوں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف جی بی کے سینیئر رہنما حشمت اللہ خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کے اہم مسائل اور امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، صدر مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعلیم و ترقی اور تعلیمی شعور قابل تعریف ہے، جی بی کو سی پیک میں بھرپور نمائندگی دی جائے گی، جس سے گلگت بلتستان میں معاشی تبدیلی آئیگی اور نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کے مواقع میسر آئیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اس موقع حشمت اللہ خان نے صدر مملکت کو گلگت بلتستان کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جی بی میں سیاحت کے بھرپور مواقع موجود ہیں، مگر گذشتہ حکومتوں نے گلگت بلتستان کی سیاحت کو یکسر نظر انداز کئے رکھا، جس کی وجہ سے اب تک سیاحت کا شعبہ کوئی خاطر خواہ ترقی نہیں کرسکا، گلگت بلتستان میں سینکڑوں سیاحتی مقامات ہیں، جہاں لاکھوں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح آتے ہیں، سیاح دنیا کی مشکل ترین شاہراہ "کے کے ایچ" پر سفر کرکے ان مقامات پر پہنچتے ہیں، اس لئے جی بی میں سیاحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے یقین دہانی کرائی کہ گلگت بلتستان کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 772692

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/772692/گلگت-بلتستان-کیلئے-وہاں-کے-عوام-کی-امنگوں-سے-بڑھ-کر-کام-کرینگے-ڈاکٹر-عارف-علوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org