0
Friday 18 Jan 2019 15:50

ڈی آئی خان میں ایگریکلچر ریسرچ سنٹر قائم کرنیکا فیصلہ

ڈی آئی خان میں ایگریکلچر ریسرچ سنٹر قائم کرنیکا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے انکشاف کیا ہے کہ ڈی آئی خان میں مردان کی طرز پر ایگریکلچر ریسرچ سنٹر قائم کیا جائے گا جبکہ دو انڈسٹریل زونز بھی قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے ڈی آئی خان کے علاقوں پہاڑپور اور درزندہ میں جاری تیل اور گیس کی دریافت کے عمل کو چار مہینوں میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ ڈی آئی خان میں دو انڈسٹریل زون کا قیام بھی ممکن بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی خان میں ترقیاتی اور غیر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعلٰی سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر، وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر علی امین گنڈا پور، ڈی آئی خان سے دوسرے ایم این ایز اور صوبائی اسمبلی اراکین، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ڈی جی لوکل گورنمنٹ، ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان اور دیگر متعلقہ اہلکاروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلٰی نے ڈی آئی خان میں مارخور ٹرافی منعقد کرنے کی تجویز سے اصولی اتفاق کیا۔

اجلاس میں وزیراعلٰی کو ڈی آئی خان بیوٹی فیکیشن منصوبہ، شوگرکین سس فنڈ، ڈی آئی خان نیشنل پارک، چشمہ لفٹ بینک کنال منصوبہ، ڈی آئی خان میں پرائیویٹ شیلٹر ہوم، ڈی آئی خان سیف سٹی منصوبہ، شوگر کین گروورز سبسڈی مسئلہ، صحت، تعلیم اور دیگر مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محمود خان نے کہا کہ گومل زام ڈیم سے ورن کنال کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، اس سے 80 ہزار ایکڑ زرعی زمیں کو پانی کی فراہمی ممکن ہوگی۔ وزیراعلٰی نے ڈی آئی خان میں نیشنل پارک کی تعمیر سے بھی اصولی اتفاق کیا اور سی پیک سے جڑے منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کا عندیہ دیا۔ وزیراعلٰی نے ڈی آئی خان کے علاقہ درزندہ میں زیتون کے پودے کی شجرکاری مہم سے بھی اصولی اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ لفٹ کنال منصوبے پر عمل درآمد کیلئے وفاق اور صوبے کے درمیان رابطے کو تیز کیا جائے گا۔ وزیراعلٰی نے ڈی آئی خان میں ڈونرز کی مدد سے سیف سٹی منصوبے پر کام شروع کرنے کی بھی تائید کی۔
خبر کا کوڈ : 772762
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش