QR CodeQR Code

نااہل حکومت کا آئینی مدت پوری کرنا ناممکن نظر آتا ہے، شاہ اویس نورانی

19 Jan 2019 18:33

جے یو پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل کاکہنا تھا کہ ثاقب نثار متنازعہ ترین چیف جسٹس کے طور پر یاد رکھے جائیں گے، نئے چیف جسٹس عدالتی نظام کی خامیاں دور کرنے پر توجہ دیں، پانچ مہینوں میں ثابت ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک چلانے کی صلاحیت اور اہلیت سے محروم ہے، موجودہ حکومت کے پانچ مہینوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 77 فیصد کمی ہوئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ قومی حکومت کیلئے راہ ہموار کی جا رہی ہے اور جمہوریت کیخلاف نئی سازشیں شروع ہو چکی ہیں، موجودہ نااہل حکومت کا آئینی مدت پوری کرنا ناممکن نظر آتا ہے، حکومت کے ناراض اتحادی کسی وقت بھی حکومت گرا سکتے ہیں، اپوزیشن کے اتحاد سے حکومت پر گھبراہٹ طاری ہے، احتساب کے نام پر بدترین انتقامی سیاست کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار متنازعہ ترین چیف جسٹس کے طور پر یاد رکھے جائیں گے، نئے چیف جسٹس عدالتی نظام کی خامیاں دور کرنے پر توجہ دیں، پانچ مہینوں میں ثابت ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک چلانے کی صلاحیت اور اہلیت سے محروم ہے، موجودہ حکومت کے پانچ مہینوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 77 فیصد کمی ہوئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے مرکزی و صوبائی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ متحدہ مجلس عمل ختم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ایم ایم اے قائم رہے گی، پی پی پی اور ن لیگ کا قریب آنا جمہوریت کیلئے نیک شگون ہے، منی بجٹ لانے کے اعلان سے پوری قوم خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے مابین نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے۔ اپوزیشن کا اتحاد حکومت ٹف ٹائم دے گا اور حکمرانوں کو من مانیوں سے روکے گا، نادان مشیر حکومت کو لے ڈوبیں گے۔ وزراء کی بدزبانی نے سیاست کو پراگندہ اور آلودہ کر دیا ہے۔ الزام تراشی کی سیاست پی ٹی آئی کا ٹریڈ مارک بن چکی ہے۔


خبر کا کوڈ: 773012

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/773012/نااہل-حکومت-کا-آئینی-مدت-پوری-کرنا-ناممکن-نظر-آتا-ہے-شاہ-اویس-نورانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org