0
Saturday 19 Jan 2019 18:46

امریکہ اور افغان طالبان میں مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

امریکہ اور افغان طالبان میں مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نئے چیف جسٹس کی میثاق حکمرانی کی تجویز خوش آئند ہے، سی ٹی ڈی نے ساہیوال میں تبدیلی کا جنازہ نکال دیا ہے، فوجی عدالتوں میں توسیع قومی ضرورت ہے۔ امریکہ اور افغان طالبان میں مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہیں، خطے میں امن و استحکام کیلئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے، جوڈیشل ایکٹوازم کو آئین و قانون کے تابع رکھنے کی ضرورت ہے، ساہیوال میں نہتے خاندان پر گولیاں چلانے والے کسی رحم کے مستحق نہیں، پانچ مہینوں میں عوام میں آسانیاں نہیں دشواریاں تقسیم کی گئی ہیں۔ پانچ سال کیلئے منتخب حکومت پانچ مہینوں میں ہی غیر مقبول ہو چکی ہے، تبدیلی کا خواب کرچی کرچی ہو گیا ہے، عمران خان کو منہ پھٹ حد تک مخلص مشیروں کی ضرورت ہے، ملکی سلامتی کیلئے قومی اتحاد کی اشد ضرورت ہے، دہشتگردوں کو سزائیں سنانے کیلئے فوجی عدالتیں ملک و قوم کی ضرورت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستان بنانے والے مشائخ کے فکری وارثین پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، محب وطن علماء و مشائخ قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں، پارلیمنٹ کو کرپشن کے تحفظ کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہئے، وزیراعظم کا پارلیمنٹ سے مسلسل غیر حاضر رہنا غیر جمہوری رویہ ہے، عمران خان قومی اسمبلی میں آ کر سوالوں کے جواب دینے کا وعدہ پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس ہزار گھروں کا وعدہ بھول چکی ہے، پاکستان کو ریاست مدینہ کا عکس بنانے کیلئے حکومت کا ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں، نئے چیف جسٹس ماتحت عدلیہ سے کرپشن ختم کرنے کیلئے اقدامات کریں، قوم کو نئے چیف جسٹس سے بے پناہ توقعات وابستہ ہیں۔ عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 773022
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش